اپوزیشن کے گھمنڈ سےپارلیمنٹ کو بھاری نقصان: بی جے پی

0
Image: DNA India

نئی دہلی: (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پارلیمنٹ کی کاروائی نہ چلنے دینے کے لیے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گھمنڈ میں ڈوبی اپوزیشن کی من مانی اور جمہوریت کی بے حرمتی کیے جانے کے سبب سرکاری خزانے کو 130 کروڑ روپیے کا نقصان ہوا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے دل و دماغ میں ملکی مفاد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
بی جے پی کے سینیئر رہنما روی شنکر پرساد نے یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں پارلیمنٹ کی کاروائی نہ چلنے دینے کے لیے کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں پر جم کر حملہ کیا۔ مسٹر پرساد نے کہا کہ اندازے کے مطابق کانگریس کی قیادت والی اپوزیشن کی من مانی اور جمہوریت کی بے حرمتی کیے جانے کے سبب مانسون سیشن کے دوران مسلسل رکاوٹوں سے سرکاری خزانے کو 130 کروڑ روپیے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز کی بی جے پی حکومت کے سات برس مکمل ہو چکے ہیں لیکن گھمنڈ کے مہلک کاکٹیل نے ہندوستان کی گرینڈ اولڈ پارٹی کانگریس کو اب تک نہیں چھوڑا ہے۔ 1947 کے بعد سے سب سے زیادہ وقت تک ملک پر حکومت کرنے کے باوجود یہ المیہ ہے کہ کانگریس کے برتاؤ میں پارلیمنٹ کی کاروائی کے لیے بالکل بھی احترام نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس ایک سیاسی پارٹی کے مقابلے ایک نجی کمپنی کی طرح کام کرر ہی ہے جس کا واحد مقصد ایک خاندان کے مفادات کی حفاظت کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS