اب 5جی سروس کا زمانہ

0

کہا جاتا ہے کہ جو وقت کے ساتھ چلتاہے، وہی آگے بڑھتا اور ترقی کرتا ہے۔ ملک میں5جی سروس کی لانچنگ سے جو مواصلاتی انقلاب آیا ہے اور انٹرنیٹ کی دنیامیں نئے دورکا آغاز ہوا ہے ۔اس کی اہمیت کو بھلے ہی کچھ لوگ نظرانداز کررہے ہیں، لیکن مستقبل میں اس کے بہت ہی دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ سائنس وٹیکنالوجی کے اس دور میں یہ کہاجائے تو غلط نہیں ہوگا کہ نہ صرف زندگی گزارنے کااندازبدلے گا، طور طریقے بدلیں گے بلکہ ہر شعبہ میں کام کاج کی رفتار بڑھے گی۔5جی سروس سے جو امیدیں کی جارہی ہیں، اگر اس کا صحیح استعمال اسی رفتار سے ہوا ،جوبیان کی جارہی ہے تو اسکول وکالج، دفاتر، بازار یہاںتک کہ روزمرہ کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ لوگ تو5جی سروس کا بے صبری سے انتظار کررہے تھے ، ڈیجیٹل انڈیا کا ہمارا وژن بھی اس کے بغیر آگے بڑھ نہیں سکتا تھا۔سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے معاملہ میں دنیا میں ہم بہت آگے ہیں، ہماری مانگ ہر جگہ رہتی ہے ،لیکن انٹرنیٹ کے معاملہ میں ہم دنیا کے کئی ممالک سے پیچھے تھے، اب اس میں بھی تیزی سے قدم بڑھا رہے ہیں ۔2 جی سے3 جی ،3 جی سے4جی اور4جی سے5جی تک پہنچ گئے۔آگے بھی یہ سفر جاری رہے گا ، ملک کی ترقی کے ساتھ ٹیکنالوجی اورانٹرنیٹ کی ترقی بھی ہوتی رہے گی۔ ہندوستان میں کمپیوٹر، موبائل اور انٹرنیٹ آنے کے بعد تکنیکی دور کا جو آغاز ہوا ، اس کے بعد ہم نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا، آگے ہی بڑھتے رہے۔ یہاںتک کہ آج ہر ہاتھ میں موبائل ہے، انٹرنیٹ ہے۔ہر کوئی نہ صرف ان کا استعمال کررہا ہے بلکہ اپنی ہر ضرورت موبائل، کمپیوٹر اورانٹرنیٹ سے پوری کررہا ہے۔وہی اس کا بازار ہے ، وہی کتاب اورتعلیمی ادارہ ہے ، وہی اس کا پیسہ اوربینک ہے ۔ ہر چیز اسی سے حاصل کررہاہے اوردوسروں کو دے رہا ہے ۔
ملک میں کمپیوٹر، موبائل اورانٹرنیٹ آنے کے بعد حالات اور لوگوں کے معمولات کس قدر بدل گئے۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ آگے اورکیا کیا ہوسکتا ہے اور تبدیلی آسکتی ہے، اسی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔کورونا اورلاک ڈائون کے دور میں جب انسان گھروں میں قید ہوکر رہ گیا تھا ۔موبائل اور انٹرنیٹ نے اسے ایک نئی زندگی دی، زندگی گزارنے، تعلیم حاصل کرنے اورگھر بیٹھے دفاتر میں کام کرنے کانیا طریقہ سکھایا ۔تعلیمی اداروں میں فزیکل ایجوکیشن کی جگہ آن لائن تعلیم ، دفاتر میں کام کرنے کی جگہ ورک فرام ہوم ،سمینارکی جگہ ویبیناروغیرہ جیسے نئے نئے ورژن سے ہم متعارف ہوئے۔غرضیکہ موبائل اورانٹرنیٹ کی بدولت گھر بیٹھے ہی لوگوں کی ضروریات پوری ہورہی ہیں ۔ایسے میںمواصلاتی انقلاب ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا ۔کیونکہ اب آن لائن اورتیزی سے کام ہوگا۔ملک میں 5جی سے کس قدر انقلابی تبدیلیاں آئیں گی، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہندوستا ن پر 5جی کا کل مجموعی اقتصادی اثر 2035 تک 450 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ کیوں نہ ہوجب 4جی کے مقابلہ میں 5جی سروس بلارکاوٹ کوریج، اعلیٰ ڈیٹاکی شرح، کم تاخیر اورانتہائی قابل اعتماد مواصلاتی سہولت فراہم کرے گی، جس سے نئے معاشی وسماجی مواقع دستیاب ہوں گے ۔لوگوں کو اپنے کاروبار ، اسٹارٹ اپس اوراختراعات کو آگے بڑھانے میں کافی مددملے گی۔ توانائی، اسپیکٹرم اورنیٹ ورک کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ جس سے دوسرے شعبوں کے کام کی رفتار بڑھے گی۔ بات چیت کا طریقہ الگ بدلے گااورآسانی سے ہر کام ہوسکیں گے ۔کون نہیں جانتا کہ جب ملک میں 2جی سروس سے تھی توانٹرنیٹ اوراس پر کام کی رفتارکتنی دھیمی رہتی تھی۔ پھر 3جی اور4جی سے اس میں کافی بہتری آئی اوراب 5جی کا کیا کہنا، اس میں انٹرنیٹ کی رفتارکہیں زیادہ ہوگی ۔
یہ انٹرنیٹ ہی کا کمال ہے کہ سمندرکو کوزے میں اوردنیا کو گلوبل ولیج بلکہ موبائل کی صورت میں جیب میں تبدیل کردیا ہے اور انسان ایک چھوٹے سے موبائل میں پوری دنیا اورزندگی کی ہر ضرورت کو لے کر گھومتا ہے۔جب بھی اسے کسی چیز کی ضرورت پیش آتی ہے، موبائل چلاتا اورانٹرنیٹ کی مددسے پوری کرلیتا ہے ۔ ایسے میں اب 5جی کے ذریعہ انٹرنیٹ کی رفتار بڑھائی جاتی ہے اورلوگوں کو زیادہ سہولت اوربہتر طریقے سے فراہم کرائی جاتی ہے توملک میں انقلابی تبدیلی بھی آئے گی اورشفافیت بھی ۔جن کی موجودہ حالات میں اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہے ۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS