دہلی حکومت کا معیاری تعلیم کی فراہمی کی سمت میں ایک اور قدم

0
Image:Twitter

نئی دہلی (اظہار الحسن؍ایس این بی) : راجدھانی کے بچوں کو بین الاقوامی سطح کی تعلیم ملنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ دہلی سرکار نے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی سمت میں ایک اور قدم بڑھایا ہے۔ دہلی سکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی موجودگی میں بدھ کودہلی ایجوکیشن بورڈ کا انٹرنیشنل ایجوکیشن بورڈ کے ساتھ ایم او یو سائن ہوا۔ ایجوکیشن ڈائریکٹر ادت پرکاش رائے اور آئی بی کی طرف سے ہند نیپال کے ہیڈ آف ڈیولپمنٹ اینڈ رکگنیشن مہیش بالا کرشن نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کہا کہ جیسے ہرریاست کا اپنا ایک ایجوکیشن بورڈ ہے ،ایسے ہی ایک بین الاقوامی سطح پر ایجوکیشن بورڈ ہے جس کو انٹر نیشنل بیکلوریٹ (آئی بی ) کہتے ہیں۔ یہ بورڈ بین الاقوامی سطح کی تعلیم مہیا کرتا ہے اور بہت اچھا مانا جاتا ہے۔جس تعلیم کے لئے بڑے بڑے امیروں کے بچے ترستے ہیں ،اب وہ تعلیم دہلی کے غریب بچوں کو ملا کرے گی ۔بین الاقوامی بورڈ کے کئی ترقی یافتہ ممالک کی سرکاروں کے ساتھ سمجھوتے ہیں ۔امریکہ ،کناڈا ،اسپین ،جاپان اور سائوتھ کوریا اس لسٹ میں شامل ہیں۔ اب دہلی سرکار بھی اس فہرست میں جڑگئی ہے۔
اروند کجریوال نے کہا کہ دنیابھر کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کے بھی جو بڑے اسکول ہیں ،وہاں امیروں کے بچے پڑھتے ہیں۔ان کا یہ خواب رہتا ہے کہ ہمیں کسی بھی طرح سے بین الاقوامی بورڈ کی تعلیم ملنی چاہئے ۔پوری دنیا کے اندر انٹر نیشنل بیکلوریٹ (آئی بی ) کے 5500اسکولوں کے ساتھ معاہدے ہیں ۔یہ 159ممالک میں کام کرتا ہے یعنی 159ممالک میں ان کے اسکولوں کے ساتھ ان کے معاہدے ہیں ۔ دہلی سرکار کے ساتھ ہوئے اس معاہدے کے بعد دہلی کے اسکولی بچوں کا تجزیہ بین الاقوامی ماہرین کی دیکھ ریکھ میں طے شدہ نظام کے تحت کیا جائے گا اور اسکولوں کو بین الاقوامی سطح کا بنایا جائے گا ۔ابھی یہ نظام 30اسکولوں سے شروع کیا جا رہا ہے۔ ان اسکولوں کے اساتذہ کی ٹریننگ بین الاقوامی ایکسپرٹ کرائیں گے۔اس موقع پر چیف وسکریٹری وجے دیو اور انٹر نیشنل بیکلاریٹ کے ایشیا ب۔پیسیفک کی ڈیولپمنٹ اور رکگنیشن اسٹیفنی لیونگ بھی موجود تھیں۔


معاہدے کے اہم نکات پر اگر روشنی ڈالی جائے تو معلوم ہوگا کہ 30 اسکولوں میں سے10سرودیہ اسکول اور 20اسکول آف اسپیشلائزڈ ایکسی لنس کے ہیں۔ 10سرودیہ اسکولوں میں پرائمری ایئر پروگرام (پی وائی پی ) کلاس نرسری سے کلاس پانچویں کیلئے چلایا جائے گااورمڈل ایئر پروگرام (ایم وائی پی ) کلاس6-8کیلئے چلایا جائے گا۔اسکول آف اسپیشلائزڈ ایکسی لنس کے 20اسکولوں میں مڈل ایئر پروگرام کلاس 9-10کے لئے اورڈپلومہ پروگرام (ڈی پی ) اور کریئر پروگرام (سی پی ) اگلے سال سے کلاس 11-12کے لئے چلے گا ۔سرودیہ اسکولوں کے 400سے زیادہ ٹیچروں اور اسکول آف اسپیشلائزڈ ایکسی لنس کے 250ٹیچروں کو آئی بی کے ذریعہ بزنس ڈیولپمنٹ ورکشاپ کا حصہ بنایا جائے گا۔تقریباً 15ہزار طلبا کو بہتر فائدہ ملے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS