ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کے 19رکنی اسکواڈ کا اعلان

0

لاہو: (یوا ین آئی) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔اسکواڈ کا اعلان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سیریز سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس میں کیا۔بابراعظم نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے حارث رؤف اور محمد نواز کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں کھلاڑی کچھ وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزارنے کے بعد رواں ماہ کے اختتام پر افغانستان سیریز سے قبل قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی گزشتہ چند ماہ سے تینوں طرز کی کرکٹ کے لیے قومی اسکواڈز کا حصہ ہیں، مسلسل کرکٹ کی وجہ سے انہیں اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع نہیں مل سکا۔
بابراعظم نے کہا کہ طویل طرز کی کرکٹ کسی بھی ٹیم کا اصل امتحان ہوتی ہے اور اس طرز کی کرکٹ میں کوئی بھی اوے سیریز کبھی بھی کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتی لیکن مجھے امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پچز باؤنسی ہوتی ہیں جو باؤلرز کے لیے تو سازگار رہتی ہیں تاہم ہمارے بلے بازوں نے بھی اس چیلنج سے بہتر انداز میں نمٹنے کی مکمل تیاری کر رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی20 سیریز کے موسم سے متاثر ہونے پر ہمیں مایوسی ضرور ہے تاہم موسم کسی کے کنٹرول میں نہیں لہٰذا ٹیسٹ سیریز سے قبل بھی جتنا موقع ملا، پریکٹس کی اور اب کھیل کے آغاز کے منتظر ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کرکٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہمیں اس کا متبادل ڈھونڈنا ہوگا اور اس بارے میں سوچنا چاہیے کہ ہمیں چھتوں والے اسٹیڈیم چاہیے یا ہر میچ کے لیے ایک اضافی دن ہونا چاہیے۔کپتان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اور مجھے گزشتہ دو سیریز سے ناقابل شکست رہنے والے اپنے ٹیسٹ اسکواڈ پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ کیربیئن سرزمین پر بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز سبینا پارک کنگسٹن میں بالترتیب 12 اور 20 اگست کو کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تین ٹی20 میچز بارش کی نذر ہو گئے تھے اور پاکستان نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 52 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں سے 20 پاکستان اور 17 ویسٹ انڈیز نے جیتے ہیں جبکہ اس دوران 15 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے۔ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، عمران بٹ، محمد عباس، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، یاسر شاہ اور زاہد محمود۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS