ایس بی آئی سمیت چھ بینکوں سے 400کروڑ روپے لےکر تاجر ملک سے فرار

0

نئی دہلی: ہندوستانی بینکوں سے کروڑوں روپے لے کر بیرون ملک جانے والوں کی فہرست میں اضافہ ہورہا ہے۔ اب اس فہرست میں باسمتی چاول کی تجارت کرنے والی کمپنی رام دیو انٹرنیشنل لمیٹڈ کے مالک کا نام بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ دہلی میں رہنے والی اس کمپنی کے مالک نے ایس بی آئی اور کچھ دوسرے بینکوں سے تقریبا 400 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ لیکن اس کے خلاف چار سالوں تک کوئی شکایت درج نہیں ہوئی تھی۔ اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ مالک بیرون ملک فرار ہوگیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شکایت پر سی بی آئی نے کمپنی کے مالک اور اس کے چار ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ سی بی آئی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اس شخص نے 6 بینکوں سے قرض لیا تھا اور سال 2016 سے یہ شخص لاپتہ ہے۔ کمپنی کو سال 2016 میں ہی این پی اے قرار دے دیا گیا تھا۔ چار سال قبل ایس بی آئی کی جانب سے ایک شکایت درج کی گئی تھی۔ اس کے بعد گزشتہ 28 اپریل کو سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق رام دیو انٹرنیشنل نے بینکوں سے کل 414 کروڑ روپئے کا قرض لیا ہوا ہے۔ جس میں سے ایس بی آئی سے 173.11 کروڑ ، کینرا بینک سے 76.09 کروڑ ، یونین بینک آف انڈیا سے 64.31 کروڑ ، سنٹرل بینک آف انڈیا سے 51.31 کروڑ ، کارپوریشن بینک سے 36.91 کروڑ اور آئی ڈی بی آئی بینک سے 12.27 کروڑ روپئے لے کر فرار ہو گیا۔ ایس بی آئی نے کہا ہے کہ سال 2016 میں کئے گئے آڈٹ سے معلوم ہوا تھا کہ ملزمان نے بیلنس شیٹ میں جعلسازی سے کھاتوں میں ہیرا پھیری کی تھی اور غیر قانونی طور پر پلانٹ اور مشینری کو ہٹا دیا تھا، جس سے بینک فنڈ میں لاگت کو غیر قانونی طور پر گھٹایا جا سکے۔ اس کے بعد جب بینک کے ذریعہ تحقیقات کی گئی تو کمپنی کے ممبر غائب ہوگئے، جس کے بعد میں پتا چلا کہ سب ہی ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔ اس معاملے کی تفتیش کرنے والے سی بی آئی عہدیداروں نے ایک نیوز اجنسی کو بتایا کہ ایس بی آئی نے اس کی شکایت اس وقت کی جب اس کی رقم برآمد نہیں ہوئی تھی کیونکہ ملزم اپنی بیشتر جائےداد فروخت کرکے فرار ہوا ہے۔ ابھی تک ایس بی آئی کو اس معاملے میں کوئی بیان نہیں مل سکا ہے۔ سی بی آئی نے فی الحال کمپنی اور اس کے ڈائریکٹرز نریش کمار، سریش کمار، سنگیت اور کچھ نامعلوم سرکاری عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس میں دھوکہ دہی، اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی اور بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS