ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے آپسی اتحاد ضروری: عبدالماجد نظامی

0

آل انڈیا علما بورڈ کی جانب سے منعقد پروگرام میں اہم شخصیات ایوارڈ سے سرفراز
محمد غفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) : راجدھانی کے پریس کلب آف انڈیا میں آل انڈیا علما بورڈ کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف میدانوں میں بیش بہا خدمات انجام دینے والی اہم شخصیات کوخصوصی ایوارڈسے نوازاگیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طورپرشریک ’روزنامہ راشٹریہ سہارا‘ کے گروپ ایڈیٹر عبدالماجد نظامی نے اپنی پُر مغز تقریر میں آپسی بھائی چارگی، انسانی رواداری، اتحا دویکجہتی، انسان دوستی، ہندو-مسلم پیار ومحبت کو عام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سبھی طبقات کو مل جل کرایک بہترین ہندوستان بنانے کی ضرورت ہے، نیزآپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھیں، کیو نکہ کچھ لوگ آپسی بھائی چارہ و گنگا جمنی تہذیب کو نیست ونابود کر نے میں لگے ہیں،ایسے میں ضروری ہے کہ ہم اپنی تاریخ سے واقف ہوں اور ایک بہتر انسان ہونے کاثبوت پیش کریں۔ عبد الماجد نظامی نے علمائے دین کی اہمیت کے حوالے سے کہاکہ آپ انبیا ء کے وارث ہیں ،ایسے میں آپکی ذمہ داری کافی اہم ہے ،ضروری ہے کہ قوم کی بہتر رہنمائی کریں۔ اس موقع پر مہمانان کے ہاتھوںگروپ ایڈیٹر ’روزنامہ راشٹریہ سہارا‘ عبدالماجد نظامی کو ان کی صحافتی وسماجی خدمات کے اعتراف میں امام الہندمولانا ابو الکلام آزاد ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا، ساتھ ہی ٹی وی اداکارہ نشاکوٹھاری ، ممبر پارلیمنٹ بی.آنند، مولاناسیداطہر علی اشرفی، بنگلہ صاحب گرودوارہ کے چیف پرمجیت سنگھ چندوق، ذکیہ خان، دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان منصوری،ستیہ پرکاش مشرا، راکیش کھنہ ایڈووکیٹ ،پروفیسر منپریت سنگھ ودیگر کوبھی ایوارڈ سے نوازاگیا۔ تقریب کی نظامت مولانا بُنئی حسنی نے کی، جبکہ پروگرام کے روح رواں مولانا نیاز احمد القاسمی نے سبھی مہمانان کاشکریہ اداکیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS