ڈی یو داخلہ- 2022-23 گزشتہ سالوں میں 12ویں پاس طلبا بھی دے سکیں گے انٹرنس ایگزام

0
Hindustan Times

نئی دہلی (ایس این بی) وہ طلبا جنہوں نے پچھلے سالوں میں بارہویں جماعت پاس کی ہے اور کسی وجہ سے ڈی یو میں داخلہ نہیں لیا ہے، وہ طلبا بھی سیشن -2022-23 کے لیے دہلی یونیورسٹی کے انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلے کے لیے سنٹرل یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ (سی یو ای ٹی) میں شرکت کر سکتے ہیں۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے سی یو ای ٹی میں گزشتہ سالوں کے طلبا کے شامل ہونے کو لے کر فیصلہ سنٹرل یونیورسٹیوں پر چھوڑا ہے۔ ڈی یو کے ڈین آف اسٹوڈنٹس پروفیسر پنکج اروڑہ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی سے ڈی یو میں داخلے میں گیپ ایئر کی شرط نہیں رکھی ہے۔ لہٰذا وہ طلبا جنہوں نے گزشتہ سالوں میں بارہویں جماعت پاس کی ہے اور جو ڈی یو میں داخلہ لینے کے خواہشمند ہیں وہ بھی سی یو ای ٹی میں شامل ہو کرڈی یو میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ڈی یو نے ڈی یو میں داخلے کے لیے عمر کی حد بھی نہیں رکھی ہے۔ لہٰذا کسی بھی عمر کا شخض ڈی یو میں داخلہ لے سکتا ہے۔ واضح رہے کہ این ٹی اے نے ڈی یو سمیت ملک بھر کی سنٹرل یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے درخواست کے عمل کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی یو نے بھی اس انٹرنس کو لے کر اپنی کمر کس لی ہے۔ بتادیں کہ اس سال ڈی یو میں گریجویشن لیول کی تقریباً 74 ہزار سیٹوں پر داخلہ ہوناہے۔ ڈی یو میں اس بار داخلہ انٹرنس اسکور کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ بارہویں جماعت کے نمبر پہلے ہی کم از کم اہلیت میں شامل کیے جا چکے ہیں۔ لہٰذا اس سے نمبروں کا ڈی یو میں داخلے میں کوئی بھی فائدہ نہیں ہوگا۔ ڈی یو میں داخلے کے لیے درخواست کا عمل 30 اپریل کو ختم ہونے کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ امتحان مئی میں ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS