مہاراشٹر پر بی جے پی نے کیا قبضہ دویندر فڑنویس وزیراعلیٰ اور اجیت پوار نے نائب وزیراعلیٰ کا حلف لیا

0

نئی دہلی:مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے جاری سیاسی جنگ کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ بی جے پی لیڈر دویندر فڑنویس نے دوبارا وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا
ہے۔دوسری جانب این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیراعلیٰ کا حلف لیا ہے۔
واضح رہے کہ صبح تقریباً 8 بجے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون میں دونوں کو حلف دلایا ہے۔غور طلب ہے کہ رات سے لیکر صبح کے 7بجے تک
کانگریس،این سی پی اور شیوسینا اتحاد کی حکومت بننے کی بات کہی جارہی تھی۔ تینوں جماعتوں کے مابین ادھو ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ بنائے جانے پر اتفاق بھی ہوچکا تھا۔
اور آج گورنر سے ملاقات کرکے دعوے پیش کرنے والے تھے لیکن اسی درمیان بی جے پی نے سیاسی منظر نامہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔ اجیت پوار کی بغاوت کے بعد اب کہا جارہا ہے کہ این سی پی اجیت پوار کو پارٹی سے باہر نکال سکتی ہے۔ دوسری جانب کانگریس ، این سی پی اور شیو سینا کچھ ہی دیر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرنے والی ہے۔
دویندر فڑنویس نے حلف لینے کے بعد کہا ہے کہ مہاراشٹر میں ایک مستحکم حکومت ہوگی، کوئی کھچڑی سرکار نہیں۔ اس لیے بی جے پی اور این سی پی ایک ساتھ آگئے
ہیں، اور ضرورت پڑی تو اسمبلی میں اپنی اکثریت بھی ثابت کریں گے۔
غور طلب ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کی 288 سیٹوں کے لیے 21 اکتوبر کو انتخاب ہوئے تھے اور 24 اکتوبر کو اسمبلی انتخاب کا نتیجہ آگیا تھا۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 105، شیوسینا کو 56، این سی پی کو 54، اور کانگریس کو 44 سیٹیں ملی تھیں۔ کسی پارٹی یا اتحاد کے ذریعہ حکومت
نہیں بنانے کے سبب 12 نومبر کو مہاراشٹر میں صدر راج نافذ ہوگیا تھا۔
دویندر فڑنویس کے وزیراعلیٰ بننے پر وزیراعظم نریندر مودی نے دونوں کو مبارک باد دی ہے۔
کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے کہا لوگ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ آج کی پیشرفت سے میں خوش ہوں گا،لیکن واقعتًا آج میں بہت افسردہ ہوں۔اس معاملے میں کانگریس کو
غیر ضروری طور پر بدنام کیا گیا ہے،اور شیوسینا کے ساتھ اتحاد کا سوچنا ایک غلطی تھی۔ میں سونیا جی سے اپیل کرتا ہوں کہ پہلے وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کو تحلیل
کریں۔
این سی پی کے سینئرلیڈر شرد پوار نے  آج شام ساڑھے چار بجے ایک میٹنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔جس میں شرد پوار نےاین سی پی کے تمام ممبران اسمبلی کو بلایا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS