حضرت مولانا برہان الدین سنبھلی کا انتقال،جمعیت کا اظہار رنج وغم

0

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مایہ ناز فقیہ اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث حضرت مولانا برہان الدین سنبھلی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ اطلاع  جمعیتہ کی جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے۔ حضرت مولانا مرحوم دارالعلوم دیوبند کے اجل فضلاء میں سے تھے۔ ابتدا میں مدرسہ عالیہ فتح پوری میں درس و تدریس سے وابستہ ہوئے۔ بعد میں  حضرت مولانا علی میاں ندویؒ کی دعوت پر مرکز علم وفن دارالعلوم ندوۃ العلماء سے وابستہ ہوئے۔ آپ نے پوری زندگی کمال دیانت و ایمانداری کے ساتھ  دین اسلام کی خدمت کی۔ آپ متعدد کتابوں کےمصنف اور قرآن کریم کی تفاسیر پر گہری نظر رکھنے والے تھے۔ مولانا تقریباً12 بر سوں سے فالج زدہ تھے، وہیل چیئر پر چلتے تھے، مگر اس آزمائش کی کیفیت میں بھی چہرے کی بشاشت اور طبیعت کی لطافت قابل دید تھی۔ ادارہ مباحث فقہیہ جمعیۃ علماء ہند کے زیراہتمام فقہی اجتماعات میں اعذار کے باوجود پابندیوں کے ساتھ شریک ہوتے اور اپنا مقالہ بھی پیش کرتے تھے۔ اکثر آپ کی طبعی کمزوری دیکھ کر یقین نہیں ہوتا، یقینا یہ  آپ کی بلند ہمتی کی علامت تھی۔ مولانامدنی نے کہا کہ ان کی وفات ایک عظیم علمی خسارہ ہے۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت  آپ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے اور حضرت مولانا کے اہل خانہ ودیگر لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ مولانا مدنی نے اس موقع پر حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند کے سمدھی محترم عتیق کی وفات پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہل خانہ کی خدمت میں  تعزیت پیش کی ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS