Image:connexionblog.com

جورہاٹ، (پی ٹی آئی) :وزیراعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے اتوار کو الزام لگایا کہ وہ 22 سالہ خاتون کے ایک ٹویٹ سے دکھی ہیں لیکن آسام میں آنے والے سیلاب سے تباہ لوگوں کے لیے نہیں۔ مودی کے آسام کے چابوآ میں ایک انتخابی ریلی میں ٹول کٹ اور کانگریس کی مبینہ سازش کا موضوع اٹھانے کے ایک دن بعد سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی بیٹی نے کہا کہ مودی سیلاب کے دوران لوگوں کی پریشانیوں کے حوالے سے خاموش تھے۔ کورونا وائرس وبا کے دوران برہمپتر میں آنے والے گزشتہ سال کے سیلاب سے تقریباً 28 لاکھ لوگ متاثر ہوئے تھے۔
پرینکا نے کہا کہ ’میں کل وزیراعظم کا خطاب سن رہی تھی۔ انہوں نے بہت سنجیدگی سے کہاکہ وہ ایک واقعہ سے بہت دکھی ہیں۔ مجھے لگا کہ وہ آسام کی ترقی کے بارے میں یا آسام میں بی جے پی نے کیسا کام کیا، اس بارے میں بولیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’لیکن میں یہ سن کر حیران رہ گئی کہ وزیراعظم 22 سالہ خاتون (دشا روی) کے ایک ٹویٹ کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آسام کی چائے صنعت کو ختم کرنے کی سازش رچی۔ وہ کانگریس کے ذریعہ سوشل میڈیا پر 2 غلط تصویریں غلطی سے ڈالنے کو لے کر بھی دکھی تھے۔‘ انہوں نے مودی سے سوال کیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور سی اے اے مخالف تحریک کے لیے دکھی کیوں نہیں ہے جس میں 5 لڑکے مارے گئے۔ کانگریس رہنما نے مودی سے سوال کیا کہ ’آپ تب آسام کیوں نہیں آئے جب لوگ ڈوب رہے تھے؟ آپ تب دکھی کیوں نہیں تھے، جب بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے سبھی بڑے وعدے پورے نہیں کیے گئے؟ کیا آپ چائے باغان گئے اور مزدوروں سے ان کی دقتوں کے بارے میں بات کی؟‘
آسام میں ’ڈبل انجن‘ کی سرکار والے وزیراعظم کے مشہور بیان کے بارے میں پرینکا نے مزاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ابھی ’2 وزیراعلیٰ‘ ہیں۔ انہوں نے طاقتور وزیر ہمنت بسو سرما اوروزیراعلیٰ سروانند سونووال کے درمیان اقتدار کو لے کر جاری کھینچا تانی کا ذکر کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے پاس ڈبل انجن کی سرکار ہے لیکن آسام کے پاس 2 وزیراعلیٰ ہیں۔ مجھے نہیں پتہ کہ کون سے ایندھن سے کون سا انجن چلے گا۔ آسام میں آسام سرکار نہیں چل رہی ہے … بھگوان آپ کو بچائے۔‘ کانگریس لیڈر نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی سرکار نے نوجوانوں، کسانوں اور چائے باغان مزدوروں سمیت سماج کے سبھی طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے کیونکہ اس نے 5سال پہلے کیا گیا اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS