Image:tribuneindia

بھدوہی، (پی ٹی آئی) :بنگلہ دیش سے ہندوستان آنے والے تبلیغی جماعت کے 11 لوگوں کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کے ساتھ ہی سبھی کو ایک سال بعد ان کے ملک روانہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے سینئر افسر نے اتوار کو بتایا کہ سبھی غیر ملکی شہریوں کو ایک بس سے بھدوہی پولیس کی ایک ٹیم کے ساتھ ہفتہ کو یہاں سے بھیجا گیا ہے۔ پولیس ٹیم سبھی کو کولکاتہ کے راستے سے 24 پرگنہ ضلع میں ہند-بنگلہ دیش سرحد پار کرانے کے بعد واپس لوٹے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ سال کورونا وائرس وبا کے سبب نافذ لاک ڈائون کے دوران دہلی میں تبلیغی جماعت کے لوگوں کے جمع ہونے پر ہنگامے کے بعد پولیس نے ایک خفیہ جانکاری پر 31 مارچ کو بھدوہی شہر کے قاضی پور محلے میں ایک شخص کے پرائیویٹ گیسٹ ہائوس پر چھاپہ مار کر تبلیغی جماعت کے بنگلہ دیش کے 11، بنگال کے ایک اور آسام کے 2ارکان کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ رام بدن سنگھ نے بتایا کہ یہ سبھی 11 بنگلہ دیشی شہری گزشتہ سال 3 مارچ کو دہلی سے آئے تھے اور 4 مارچ سے یہاں رکے ہوئے تھے۔ ٹورسٹ ویزا پر آنے والے سبھی 11 بنگلہ دیشی شہریوں کو مذہب کی تبلیغ و تشہیر کرنے سمیت دیگر ویزا ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں پکڑا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں 3 ہندوستانی اور 11بنگلہ دیشی شہریوں اور انہیں تحفظ دینے والے مجموعی طور پر 21 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان میں سے 3 کو ضمانت پر چھوڑ کر سبھی 7 مقامی تبلیغی جماعت کے لوگوں کو کلین چٹ ملی تھی۔ بنگلہ دیشی شہریوں کو پہلے 14 دن الگ رکھے جانے کے بعد کورونا نگیٹو ہونے پر ضلع جیل بھیج دیا گیا جہاں 4 ماہ تک سبھی جیل میں بند تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سرکار کی ہدایت پر سبھی کو پولیس کی سخت سکیورٹی میں یہاں تبلیغی جماعت کے منتظمین کے پرائیویٹ گیسٹ ہائوس میں تب سے رکھا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ہائی کورٹ کی ایک ہدایت کے بعد یہاں جیل میں بند تبلیغی جماعت کے سبھی ارکان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور معاملے کی سماعت لکھنؤ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں چلی جہاں ان سبھی پر فی کس 1500-1500 روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ عدالت نے یہ بھی کہا کہ چونکہ یہ لوگ اپنی سزا پوری کر چکے ہیں، اس لیے ان کو واپس بھیج دیا جائے۔
بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی شہری گرفتار
جموں، (یو این آئی) بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی شہری جس کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے ، کو گزشتہ رات ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کے فوراً بعد گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر گزشتہ رات الرٹ بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک پاکستانی شہری کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی۔ مذکورہ شخص کو فوراً گرفتار کیا گیا۔ مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔‘بی ایس ایف نے گرفتار شدہ پاکستانی شہری کی تصویر بھی جاری کی ہے جس میں اسے گلے میں مالائیں اور بدن پر ایک پھٹی ہوئی جیکٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مذکورہ شخص بظاہر ذہنی طور پر ناخیز ہے۔
اس سے قبل بی ایس ایف نے رواں ماہ کی 16 تاریخ کو ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں ایک پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS