سری نگر کے بشمبر نگر خانیارعلاقے میں تصادم، ایک جنگجو ہلاک

0

سری نگر:(یو این آئی) جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سر ی نگر کے بشمبر نگر خانیارعلاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں ایک جنگجو مارا گیا جبکہ اُس کا ساتھی علاقے میں پھنس کر رہ گیا ہے جس کو مار گرانے کی خاطر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔آئی جی کشمیر کے مطابق سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو کا ہاتھ تھا۔پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر کے بشمبر نگر خانیار علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔
پولیس ذرائع کے مطابق حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں اور ایک جنگجو موجود ہے۔ دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ سری نگر کے بشبمر نگر علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران جنگجووں نے فورسز پر فائرنگ کی جوابی کارروائی میں ایک جنگجو مارا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو کا ہاتھ تھا۔آئی جی کشمیر کے مطابق علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے کیونکہ مہلوک ملی ٹینٹ کا ساتھی بھی پھنس کر رہ گیا ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS