میٹرو سے عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ سسٹم ملا: سنگھ پوری

0

نئی دہلی: (یو این آئی) ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزي وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے جمعہ کے روز کہا کہ میٹرو ریل سے ملک کو عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم ہوا ہے۔
مسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے یہاں پنک لائن پر ترلوکپوری-میور وہار -1 کے درمیان 850.8 میٹر کےمیٹرو ریل سیکشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ‘دہلی میٹرو’ میٹرو ریل سروس فراہم کرنے میں سرخیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میٹرو سسٹم جیسے بڑے انفراسٹرکچر پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کرنا آسان کام نہیں ہے۔
اس موقع پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت اور ہاؤسنگ وشہری امور کی وزارت کے سکریٹری درگاشنکر مشرا اور دہلی میٹرو کے جنرل منیجر منگو سنگھ بھی موجود تھے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی متحرک قیادت میں ملک میں میٹرو نظام کے نیٹ ورک کی توسیع میں بہت بڑی چھلانگ لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 850.8 میٹر طویل سیکشن کی توسیع کا افتتاح نیٹ ورک کی لمبائی کے لحاظ سے چھوٹا ہو سکتا ہے، لیکن لوگوں کو بہتر رابطہ فراہم کرنے کے نقطہ نظر سے یہ سیکشن انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ رابطہ دہلی میں مجلس پارک اور شیو وہار کے درمیان 59 کلومیٹر طویل دہلی میٹرو کی طویل ترین کووریڈور کے ذریعے ہموار طریقے سے آخر تک سفر کے لیے ترلوکپوری میں اسے جوڑ دیا گیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اس وقت 18 شہروں میں 721 کلومیٹر کا میٹرو نیٹ ورک کام کر رہا ہے اور اس کے علاوہ 27 شہروں میں 1058 کلومیٹر کے نئے میٹرو نیٹ ورک کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے۔ دہلی میٹرو اپنے اسٹیشنوں سے لوگوں کو اپنے گھروں کے قریب لانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اسٹیشنوں کو جدید ترین جی پی ایس سے لیس ای رکشوں سے منسلک کیا گیا ہے اور ڈی ایم آر سی نے ای-بس کا ایک نیا بیڑا بھی خرید لیا ہے، جسے جلد ہی سروس میں پیش کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS