نائب امیر شریعت سے تنظیم ابنائے ندوہ بہار کی ملاقات

0

گورکھپور ( عبید الرحمن الحسینی)

مولانا طارق شفیق ندوی کی قیادت میں تنظیم ابنائے ندوہ بہار کا ایک پانچ نفری مؤقر وفد نے نائب امیر شریعت بہار ، اڈیشہ ، جھارکھنڈ مولانا شمشاد احمد رحمانی سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی اور امیر شریعت کے انتخاب سے قبل تمام شور و غل ، لابنگ اور پروپیگنڈا پر غیر معمولی تشویش کا اظہار کیا۔ وفد کا احساس تھا کہ ذمہ دار افراد بھی آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور امارت کو سیاسی اکھاڑہ بنا رکھا ہے ، جس سے امارت کا ، شریعت کا اور علماء کا وقار مجروح ہو رہا ہے ، عوام میں بدگمانی بڑھتی جارہی ہے اور امت کا اتحاد پارہ پارہ ہوتا نظر آرہا ہے.

 

مولانا طارق شفیق ندوی نے نائب امیر شریعت کو مخاطب کرکے کہا کہ اس وقت آپ کی ذمہ داری دو چند ہے ، آزمائش میں کھرا اترنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ بلا خوف و خطر دستور کی روشنی میں پٹنہ ہی میں انتخاب کرائیں ، امارت کے تحفظ و استحکام اور اتحاد و وقار کے دوام کے لئے تنظیم ابنائے ندوہ بہار کا ہر رکن امارت کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر تنظیم ابنائے ندوہ بہار کے جوائنٹ کنوینر مولانا مفتی آصف انظار ندوی نے کہا کہ امیر شریعت کا انتخاب پوری شفافیت سے کرایا جائے ، دستور کی بالادستی کو قائم کیا جائے اور مورثی نظام سے پاک رکھا جائے نیز امیر جید عالم دین ہو قرآن و حدیث کے ساتھ فقہ پر اس کی گہری نگاہ ہو، حالات سے مقابلہ کی صلاحیت و جرأت ہو۔ مولانا ابوالحسنات ندوی نے کہا کہ امارت شرعیہ بہار کی ایک قابل رشک تاریخ ہے ، یہ مسلمانان بہار کی تمناؤں اور آرزؤں کی مرکز ہے ، افسوس ہے کہ اس کی شبیہ خراب کی جا رہی ہے ، ہمیں اس قیمتی اثاثہ کی حفاظت کے لئے مشترکہ ذمہ داری کو محسوس کرنا چاہیے ، مولانا صدر عالم ندوی نے کہا اس وقت امارت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے ، عوام میں غم وغصہ کے ساتھ کافی مایوسی ہے اور انتخابی عمل اور طریقہ کار کو غیر اطمینان بخش سمجھا جا رہا ہے ، مولانا حکیم محفوظ سراج ندوی نے کہا کہ مثبت فکر و عمل اور مستحکم منصوبہ بندی سے اس آزمائشی مرحلہ کو طے کیا جا سکتا ہے. نائب امیر شریعت مولانا شمشاد احمد رحمانی نے پوری سنجیدگی سے وفد کی تمام باتوں کو سنا اور تمام قابل اعتراض پہلوؤں کی وضاحت کی نیز اپنے طور سے مطمئن کرنے کی بھر پور کوشش کی۔

 

اس موقع پر مولانا سہیل احمد ندوی ، مولانا محمد شبلی قاسمی ، مولانا محمد سہراب ندوی ، مولانا انظار عالم قاسمی ، مولانا رضوان احمد ندوی اور مولانا وصی احمد قاسمی بھی بنفس نفیس موجود تھے.

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS