غلاف کعبہ کلید بردار ڈاکٹر صالح الشیبی کے حوالے

0

مکہ مکرمہ(ایجنسیاں) : گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے غلاف کعبہ کلید بردار ڈاکٹر صالح الشیبی کے حوالے کیا ہے۔اس موقع پر مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس بھی موجود تھے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتوار کے روز غلاف کعبہ حوالے کرنے اور وصول کرنے کی کارروائی باقاعدہ ریکارڈ پر لائی گئی ہے۔ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور ڈاکٹر الشیبی نے دستاویز پر دستخط کیے۔ نو ذی الحجہ 1442ھ کو پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے اس موقع پر کہا کہ خانہ کعبہ سے سعودی قیادت کی عقیدت غیرمعمولی ہے۔غلاف کعبہ مقدس مساجد کی انتظامیہ کے ماتحت مکہ مکرمہ کے ام الجود محلے میں واقع کنگ عبدالعزیز کسوہ کعبہ کمپلیکس میں تیار کیا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ خالص اصلی ریشم سے تیار کیا جاتا ہے اور اسے سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔غلاف کعبہ کی اونچائی 14 میٹر ہوتی ہے۔ اس کے اوپر والے ایک تہائی حصے میں 95 سینٹی میٹر چوڑی بیلٹ ہوتی ہے۔ اس کی لمبائی 47 میٹر ہے۔ یہ بیلٹ 16 ٹکڑوں کا مجموعہ ہے۔ ہر ٹکڑے کے اطراف اسلامی طرز کے گل بوٹے چوکور شکل میں بنے ہوتے ہیں۔غلاف کعبہ 4 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ان میں سے ہر ایک خانہ کعبہ کے ایک حصے پر ڈالا جاتا ہے۔ غلاف کا پانچواں ٹکڑا جو پردے کی شکل کا ہوتا ہے خانہ کعبہ کے دروازے پر لٹکایا جاتا ہے۔غلاف کعبہ کئی مراحل میں تیار ہوتا ہے۔ دو سو سے زیادہ ہنر مند اس کی تیاری میں حصہ لیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS