کرائم برانچ کے سامنے پیش ہوا لکھیم پور تشدد کا کلیدی ملزم

0
image:hindustantimes.com

لکھیم پور کھیری:(یواین آئی) لکھیم پور کھیری کے تکونیا علاقے میں گذشتہ اتوار کو پیش آئے تشدد کے معاملے میں نامزد ملزم آشیش مشرا عرف مونو ہفتہ کو پولیس لائن میں کرائم برانچ کی ٹیم کے سامنے پیش ہوا۔ پولیس ٹیم کی قیادت کررہے سب انسپکٹر اپیندر اگروال نے آشیش سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ جو کئی گھنٹوں تک چلنے کے آثار ہیں۔ کرائم برانچ کے افسران نے آشیش کو صبح 11بجے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی لیکن وہ 25منٹ پہلے ہی میڈیا نمائندوں سے بچتے ہوئے دوسرے گیٹ سے پولیس لائن میں داخل ہوگیا تھا۔ سفید کرتہ پاجامہ میں آئے آشیش نے میڈیا نمائندوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ اس سے قبل آشیش کو جمعہ کی صبح 10بجے پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا لیکن طبی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اس نے آنے سے منع کردیا تھا۔ اس کے بعد کرائم برانچ نے اسے دوسرا سمن بھیجا جس میں اسے آج 11بجے پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا۔ اتوار کو پیش آئے تشدد میں چار کسانوں سمیت 8لوگوں کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد کسانوں کی جانب سے آشیش سمیت 14افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔
مرکزی مملکتی ویزر اجئے مشر ٹینی جمعہ کی رات ہی لکھیم پور کھیری واپس لوٹے تھے جہاں انہوں نے اپنے دفتر میں حامیوں کے ساتھ میٹنگ گی۔ اجئے مشر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کا بیٹا آشیش بے گناہ ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے آشیش کے نزدیکی دو افراد کو اب تک گرفتار کیا ہے۔ مشر نے کہا تھا کہ ان کا بیٹا کہیں روپوش نہیں ہے۔اور نہ ہی فرار ہے۔ اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ آشیش نیپال فرار ہوسکتا ہے۔ آشیش کے دوست سمت جیسوال نے اس معاملے میں کراس ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ کسانوں کو روندنے کے واقعہ کے بعد مشتعل بھیڑ نے کار ڈرائیور سمیت چار افراد کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا۔ اس دوران سمیت نے جیپ سے فرار ہوکر اپنی جان بچائی تھی۔آشیش کے ایک اور ساتھی انکت داس کی پولیس کو تلاش ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS