فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ پر ہندو مخالف ہونے کا الزام! جانچ کے لیے کمیٹی تشکیل

0

آئی آئی ٹی-کانپور نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو یہ طے کرے گی کہ کیا مشہور و معروف شاعر فیض احمد فیض کی مقبول نظم ’ہم دیکھیں گے، لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے‘ کہیں ہندو مخالف تو نہیں ہے۔
 میڈیا کے مطابق فیکلٹی اراکین کی شکایت کے بعد یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ فیکلٹی اراکین کا کہنا تھا کہ شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کے دوران طلبا نے یہ ’ہندو مخالف نظم‘ کا ورد کیا تھا۔ 
خبروں کے مطابق تشکیل شدہ کمیٹی اس بات کی بھی جانچ کرے گی کہ کہیں طلبا نے شہر میں جلوس کے دن سرکاری احکام کی خلاف ورزی تو نہیں کی، اور کیا انھوں نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پوسٹ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ فیض احمد فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے، لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے‘ 1979 میں پاکستانی فوجی سربراہ ضیاء الحق کے مظالم سے متاثر ہو کر لکھی گئی تھی۔ پاکستان میں فوجی حکومت کے خلاف اس نے ایک مضبوط آواز بلند کی تھی۔

غور طلب ہے کہ آئی آئی ٹی کانپور کے طلباء نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علموں پر پولس بربریت کے خلاف آواز اٹھائی تھی، اور جامعہ طلباء کی حمایت میں گزشتہ 17 دسمبر کو احاطہ میں پرامن مارچ نکالا تھا۔ اس مارچ کے دوران انہوں نے فیض کی اس نظم کا ورد کیا تھا۔ آئی آئی ٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیندر اگروال کے مطابق ’’ویڈیو میں طلباء کو فیض کی نظم پڑھتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے جسے ہندو مخالف بھی مانا جا سکتا ہے۔‘‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS