پنجاب میں ’میرا گھر میرے نام‘اسکیم کی شروعات

0
image:thefinancialexpress

دینانگر (گرداس پور)(یو این آئی):ریاست کے لاکھوں کنبوں خاص طورپر سماج کے کمزور طبقات کو بڑی راحت
دیتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی نے’میرا گھر میرے نام‘اسکیم کی آج شروعات کی جس کے تحت
گاووں اور شہروں میں لال ڈورے کے اندر آنے والے گھروں میں رہ رہے کنبوں کو املاک کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔
ایک ریاستی سطح کی تقریب میں اسکیم کی شروعات کے وقت مسٹر چنی کے ساتھ اس موقع پر نائب وزیراعلی سکھجندر سنگھ
رندھاوا اور ریونیو وزیر ارونا چودی بھی موجود تھیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ یہ اسکیم ریاست کے ضرورت مند اور کمزور
طبقات کو ایک بڑی راحت مہیا کرائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کو پہلے صرف گاووں کے لوگوں کے لئے شروع کیا
گیا تھا جس کا دائرہ بڑھاکر اب شہروں میں لال ڈورا کے اندر رہنے والے لوگوں کو بھی اس کا فائدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا
ہے۔ اسکیم محکمہ ریونیو کی طرف سے نافذ کی جائے گی جو زمینوں کی ڈیجیٹل میپنگ کرنے کے لئے دیہی اور شہری
علاقوں میں ایسی رہائشی املاک کا ڈرون سروے کرائے گا۔
وزیراعلی نے کہا کہ تمام مستحقین کی مناسب شناخت کے بعد املاک کا مالکانہ حق دینے کے لئے پراپرٹی کارڈ جاری کئے
جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس عمل سے پہلے مستحقین کو اپنے اعتراضات درج کرانے کے لئے پندرہ دن کا وقت بھی
دیاجائے گا اور اگر ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا تو یہ کارڈ جاری کردیا جائے گا۔ یہ کارڈ رجسٹری کا مقصد پورا
کریں گے جس سے متعلقہ لوگ بینکوں سے قرض بھی لے سکیں گے اور اپنی املاک فروخت بھی کرسکتے ہیں جس سے
زمینوں کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے کہاکہ شہروں کے پرانے محلوں میں نسل در نسل رہ رہے لوگ بھی اس اسکیم
کے دائرے میں آئیں گے۔وزیراعلی مسٹر چنی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے لال ڈورے سے
باہر جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے لوگوں کو مالکانہ حق دیکر بڑی راحت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دیوالی تک ریاستی
حکومت اس اسکیم کے تحت ان لوگوں کو مالکانہ حق دینا یقینی بنائے گی۔
وزراعلی نے کہاکہ بجلی کے جو بھی کنکشن بقایہ بلوں کی وجہ سے کاٹ دیئے گئے تھے انہیں دیوالی تک پھر سے بحال کر
دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے بقایہ بل معاف کرنے کی اسکیم کا فادہ ہر ایک مستحق کو
دیا جائے گا پھر خواہ وہ کسی بھی ذات، مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے 72لاکھ بجلی صارفین میں
سے 52لاکھ صارفین کو بقایہ بل معافی کا فائدہ ملے گا۔
دینا نگر کے لئے کئی نئی اسکیموں کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہاں کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کو سب ڈویزنل اسپتال
کے طورپر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS