کشمیر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج

0

سری نگر: (یو این آئی) وادی کشمیر کے بعض علاقوں میں ہلکی برف باری کے بیچ شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں 29 جنوری تک موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 30 جنوری کو مطلع مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور 31 جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں دوران شب کہیں کہیں ہلکے درجے کا برف و باراں ہوا، میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب اتنا ہی ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں دوران شب 0.2 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہواتھا۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کو موسم صبح سے ہی خشک رہا اور آفتاب بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر آنے میں کامیاب ہوا۔ سری نگر میں لوگوں کو پارکوں، صحنوں اور دکان تھڑوں پر ہلکی سے دھوپ لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کے آخری دن چل رہے ہیں اور 31 جنوری کو اس کا دور حکومت اختتام پذیر ہوگا۔ اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا اس کے دور حکومت کے دوران گرچہ بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردیوں کے زور میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS