ادے پور میں کنہیا لال کا قتل بی جے پی کے لوگوں نے کیا تھا، وزیر اعلی اشوک گہلوت

0
Kanhaiyalal was killed by BJP people in Udaipur says Chief Minister Ashok Gehlot..... File Pic
Kanhaiyalal was killed by BJP people in Udaipur says Chief Minister Ashok Gehlot..... File Pic

جے پور: راجستھان میں اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاست تیز ہو گئی ہے، سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کو ہرانے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ اس کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتیں۔ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی ہے اور ایک دوسرے پر حملے اور جوابی حملے کا سلسہ بھی جاری ہے۔ راجستھان کی سیاسی جنگ میں ادے پور کے کنہیا لال ٹیلر کے قتل کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے جبکہ بی جے پی اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے تاہم کانگریس اس مسئلہ پر بی جے پی پر حاوی ہونے کی کوشش کررہی ہے۔

کنہیا لال قتل کیس کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی راجستھان کی کانگریس حکومت پر حملہ آور ہے اور اس پر ووٹ بنک کی سیاست کرنے کا الزم لگایا جارہا ہے۔ بی جے پی کے تمام اسٹار کیمپینرز اپنی انتخابی میٹنگوں اور ریلیوں میں کنہیا لال ٹیلر قتل کیس کا ذکر کرکے ریاستی کانگریس حکومت اور سی ایم گہلوت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما ہوں یا یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ہوں یا خود وزیر اعظم نریندر مودی، سبھی اپنی انتخابی ریلیوں میں کنہیا لال قتل کیس کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس حکومت پر طنز کرنے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں۔

وہیں اب اس معاملہ میں وزیراعلی اشوک گہلوت خود کانگریس کی طرف سے میدان میں اترگئے۔ جودھ پور میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے کنہیا لال قتل کیس سے متعلق بی جے پی لیڈروں کے بیانات پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے کنہیا لال ٹیلر کے قتل کے سلسلے میں بی جے پی کو ہی کٹہرے میں کھڑا کردیا اور کہا کہ ملزمین کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ وہ دونوں بی جے پی کے کارکن تھے۔ اشوک گہلوت نے الزام عائد کیا کہ این آئی اے جان بوجھ کر اس کیس کو طول دے رہی ہے، تاکہ اس معاملہ کو اٹھاکر انتخابات میں خوب بی جے پی کےلئے ماحول سازگار کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کنہیا لال کے قتل کے ملزمان کو اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ راجستھان پولیس نے پکڑا تھا تاہم اس وقت بی جے پی لیڈروں نے انہیں رہا کرنے کےلئے تھانے پر دباؤ ڈالا تھا اور اس وقت بی جے پی کے رہنماؤں نے ملزمین کا دفاع کیا تھا، کیونکہ وہ بی جے پی سے وابستہ تھے۔

مزید پڑھیں: کرناٹک :بھرتی امتحانات میں سر ڈھانپنے پر پابندی، منگل سوتر پہننے کی اجازت

واضح رہے کہ ادے پور کے کنہیا لال ٹیلر کو 28 جون 2022 کو چاقو سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ ملزم نے اس واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی تھی جو وائرل ہوئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں ملزمین کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS