راہل کی داڑھی کے بجائے عام آدمی کی گاڑی کی فکر کریں بی جے پی لیڈر: کنہیا

0

سناود (ایم پی)، (پی ٹی آئی) :’بھارت جوڑ یاترا‘ کے دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بڑھی ہوئی داڑھی کے بارے میں آسام کے وزیراعلیٰ ہمنت بسو سرما کے ایک بیان پر کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے جمعہ کو پلٹ وار کیا۔ کمار نے برسراقتدار پارٹی کو پٹرول کی مہنگائی پر گھیرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو گاندھی کی داڑھی کے بجائے عام آدمی کی گاڑی کی فکر کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ سرما نے گاندھی کی بڑھی ہوئی داڑھی والے لک کو لے کر حال ہی میں کہا تھا کہ کانگریس کے سابق صدر کا چہرہ ”صدام حسین جیسا“ دکھائی نہیں دینا چاہیے۔‘ راہل گاندھی کے زیر قیادت ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شامل کنہیا کمار نے سناود میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہمارے لیڈر کیسی داڑھی رکھیں، آپ (بی جے پی لیڈر) اس کی فکر چھوڑ دیجیے۔ آپ بتائیے کہ ملک کے عام لوگ گاڑی کیسے رکھیں کیونکہ پٹرول کے دام 100 روپے فی لیٹر پر چلے گئے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ گاندھی کے زیر قیادت ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی کامیابی سے بوکھلائی بی جے پی کے ذریعہ کانگریس پر فضول باتوں کو لے کر حملے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ان دنوں مدھیہ پردیش سے گزرتی ہوئی یاترا میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے نوجوان بیٹے ریحان بھی شامل ہو رہے ہیں۔ سیاسی یاترا میں ریحان کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر کمار نے کہا کہ ’یہ یاترا سیاسی ہونے کے ساتھ ہی سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور روحانی بھی ہے۔ یہ یاترا کسی شخص کا سیاسی کریئر بنانے کے لیے نہیں نکالی جا رہی ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS