محبت میں پاکستان سے ہندوستان آئی جویریہ خانم، سرحد پر استقبال، جلد ہوگی شادی

0
محبت میں پاکستان سے ہندوستان آئی جویریہ خانم، سرحد پر استقبال، جلد ہوگی شادی
محبت میں پاکستان سے ہندوستان آئی جویریہ خانم، سرحد پر استقبال، جلد ہوگی شادی

نئی دہلی: پاکستان کے شہر کراچی کی رہائشی 21 سالہ جویریہ خانم کی محنت بالآخر کامیاب ہوگئی اور وہ بھارتی ویزا حاصل کرنے کے بعد اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں داخل ہوگئی۔ بھارت پہنچنے پر جوریہ کا ان کے سسرال والوں نے ڈھول باجے کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ جویریہ خانم کو بھارت کا 45 دن کا ویزا ملا ہے۔ بھارت میں داخل ہونے کے بعد جویریہ خانم نے کہا کہ مجھے ساڑھے پانچ سال بعد یہ ویزا ملا ہے جس کی وجہ سے میں بہت خوش ہوں، یقین نہیں آتا کہ میں یہاں پہنچ گئی ہوں، بلآخر میری دعا قبول ہوگئی ہے۔ ہم جنوری کے پہلے ہفتے میں کولکاتا میں شادی کریں گے، پاکستان میں بھی سب خوش ہیں۔

جویریہ کے منگیتر سمیر خان نے کہا کہ اپنے محبوب سے مل کر میرا خواب پورا ہو گیا ہے، میں نے ساڑھے پانچ سال تک انتظار کیا۔ سمیر خان نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے اس سے پہلے دو بار ویزا دینے سے انکار کیا تھا۔ لیکن مقبول احمد نے اس معاملے میں ان کی بہت مدد کی اور ان کی کوششوں کی وجہ سے ان کی منگیتر کو بھارتی حکومت نے ویزا دے دیا۔ انہوں نے جویریہ خانم کو ویزا دے کر دونوں خاندانوں کو دوبارہ ملانے میں مدد کرنے پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سمیر خان کولکاتا کے رہائشی ہیں۔ وہ اور اس کے والد یوسفزئی اٹاری بارڈر پر پہنچ کر پاکستانی لڑکی کا پرتپاک استقبال کیا۔ لڑکے کے والد کا کہنا تھا کہ چند روز میں سمیر اور جویریہ خانم کی شادی ہو جائے گی، جس کے بعد جویریہ کے ویزے میں توسیع کی اپیل کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: عشق میں پاکستان پہنچنے والی انجو جلد لوٹے گی ہندوستان، ویڈیو میں بتائی وجہ

واضح رہے کہ سرحد پار محبت کی یہ کوئی پہلی داستان نہیں ہے اس سے پہلے ایک پاکستانی خاتون سیما حیدر بھی نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوکر سچن مینا نامی بھارتی لڑکے سے شادی کرلی تھی۔ اس کے علاوہ انجو نامی ایک بھارتی لڑکی بھی اپنی محبت کے لیے پاکستان چلی گئی تھی، جہاں اس نے مذہب اسلام قبول کرکے اپنے عاشق نصراللہ سے شادی بھی کرلی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS