آرایس ایس کی نمائش میں جناح کی تصویر

0

احمدآباد (ایجنسیاں) : راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی ایک نمائش میں پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی تصویر 200 ان لوگوں کے درمیان لگائی گئی ہے جن کا گجرات سے کوئی تعلق تھا۔ سنگھ کی آل انڈیا نمائندہ میٹنگ احمد آباد کے پرانہ گاؤں میں ہونے والی ہے۔ سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت خود بھی 11 سے 13 مارچ تک ہونے والے پروگرام میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اس میں بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کی شرکت بھی متوقع ہے۔
’جن ستا ‘کی رپورٹ کے مطابق نمائش میں 200 ایسے لوگوں کو دکھایا گیا ہے جنہوں نے اپنی چھاپ چھوڑی اور جن کا تعلق گجرات سے تھا ان میں گاندھی جی کے ساتھ دادا بھائی نروجی، دھیرو بھائی امبانی، رتن ٹاٹا، ورگیز کورین اور کانگریس لیڈر سیم پترودا شامل ہیں۔ اس میں وکرم سارابھائی جیسی شخصیات کے ساتھ عزیز پریم جی، ونود مانکڈ، پروین بابی، سنجیو کمار اور ڈمپل کپاڈیہ کی تصاویر بھی شامل ہیں۔یہ پروگرام سنگھ کی گجرات یونٹ کی طرف سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں 12 ہزار سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ جناح کی تصویر کے نیچے لکھے کیپشن کے مطابق- ایک بیرسٹر جو پہلے دیش بھکت تھا لیکن بعد میں اس نے مذہب کی بنیاد پر ملک کی تقسیم کرائی۔واضح رہے کہ بی جے پی رہنما جسونت سنگھ کی جناح پر لکھی گئی کتاب پر گجرات حکومت نے پابندی عائد کر دی تھی۔جب 2005 میں ایل کے ایڈوانی نے پاکستان کے دورے کے دوران جناح کے مقبرے پر حاضری دی اور انہیں عظیم کہا تو ہر طرف سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔ایونٹ کے کوآرڈینیٹر شریش کاشیکر کا کہنا ہے کہ ہم نے ان لوگوں کی تصاویر نمائش میں رکھی ہیں جنہوں نے ملک کے لیے کام کیا۔ جناح کی تصویر پر ان کا کہنا تھا کہ سنگھ کی تنظیم کا مطلب یہ نہیں ہے کہ نمائش میں صرف وہی لوگ شامل کیے جائیں جو ہمارے نظریے سے وابستہ ہوں۔ایک رپورٹ کے مطابق جناح ایک ہندو گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کی جڑیں گجرات سے وابستہ تھیں اور ان کا تعلق لوہنا ذات سے تھا۔ مچھلی کے کاروبار کی وجہ سے سماج نے ان کے خاندان کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔پھر جناح کے والد نے اسلام مذہب اختیار کر لیا اور اپنے 4 بیٹوں کے نام بھی تبدیل کر دیئے۔ جناح کا خاندان بنیادی طور پر گجرات کے کاٹھیاواڑ کے گاؤں پنیلی سے تھا۔ ان کے دادا کا نام پریم جی بھائی میگھ جی ٹھکر تھا۔ مچھلیوں کی تجارت کی وجہ سے سماج نے انہیں قبول نہیں کیا اور ان کابائیکاٹ کر دیا۔ جناح کے والد پنجالال ٹھکر نے اپنا مذہب تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور اسلام مذہب اختیار کر لیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS