جن آشیرواد یاترا:سندھیا کی دیواس آمد، دگ وجےکی مخالف

0
Image: Financial Express

بھوپال: (یو این آئی) شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا تین روزہ ’جن آشیرواد یاترا‘شروع کرنے کے لیے آج دیواس ضلع ہیڈ کوارٹر پہنچے.جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔مسٹر سندھیا کے دورے کے انچارج اور پارٹی کے ریاستی نائب صدر آلوک شرما نے کہا کہ اس سے پہلے مسٹر سندھیا ہوائی جہاز کے ذریعے تقریبا ساڑھے دس بجے اندور ہوائی اڈے پر پہنچے ، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد سڑک کے ذریعے تقریبا 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد وہ ضلع دیواس میں شپرا ندی کنارے پہنچے اور سفر شروع کرنے سے پہلے روایات کے مطابق شپرا میّا کی پوجا کی۔ راستے میں ہر جگہ ان کا استقبال کیا گیا۔مسٹر شرما نے کہا کہ پارٹی کے زیر اہتمام ’جن آشیرواد یاترا‘آج اندور،دیواس اور شاجاپور اضلاع میں تقریبا208 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ اس دوران تقریبا دو درجن جلسے اور استقبالیہ پروگرام ہوں گے۔ آج یہ یاترا اندور اور دیوس پارلیمانی حلقوں سے گزرے گی۔
مسٹر سندھیا اندور میں رات کو آرام کریں گے۔ اس کے بعد 18 اگست کو جن آشیرواد یاترا کے دوسرے دن ، وہ اندور اور کھرگون ضلع یعنی کھنڈوا اور کھرگون پارلیمانی حلقہ میں تقریبا 250 کلومیٹر پر محیط 33 پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ مدھیہ پردیش سے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن سندھیا 19 اگست کو یاترا کے تیسرے دن اندور پارلیمانی حلقہ میں 24 کلومیٹر کا یاترا کریں گے اور 21 پروگراموں میں حصہ لیں گے۔
سینئر کانگریسی لیڈر اور مدھیہ پردیش کے راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ نے مرکزی حکومت کے نئے مقرر کئے گئے وزیر کی جانب سے نکالی جارہی آشیرواد یاتراؤں کی مخالفت کرتے ہوئے آج کہا کہ اس کی سب کو مخالفت کرنی چاہیے۔
مسٹر سنگھ نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل انتہا پر ہیں۔ معیشت بگڑ رہی ہے۔ سرکاری اچاثے فروخت کئےجارہے ہیں۔ دیگر طبقہ بھی پریشان ہے۔ جمہوریت خطرے میں ہے۔ ان حالات میں ’مودی شاہ‘ کے وزیر آشیرواد یاترا نکال رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ آشیرواد یاترا نہیں، چند وصولی یاترا ہے اور اس کی مخالفت ہونی چاہیے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS