سری نگر میں تصادم، 2 جنگجو ہلاک، ایک فوجی جوان زخمی

    0

    سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنبیر گڑھ میں جاری تصادم میں 2 جنگجو ہلاک جبکہ ایک فوجی جوان زخمی ہوا ہے۔
    کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: 'رنبیر گڑھ انکوائنٹر اپ ڈیٹ: ایک اور عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک، کل 2، تلاشی آپریشن جاری'۔
    قبل ازیں ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 29 آر آر اور پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتے کی علی الصبح رنبیر گڑھ کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
    انہوں نے کہا کہ اس دوران جب تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مکان کے قریب پہنچی تو وہاں پناہ لئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
    ایک رپورٹ میں ایک سینئر پولیس عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ طرفین کے درمیان مسلح تصادم میں ایک فوجی اہلکار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ہے۔
    انہوں نے کہا کہ مضروب فوجی اہلکار کو 92 بیس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔
    قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران مختلف تصادم آرائیوں کے دوران اب تک 138 جنگجو مارے گئے ہیں جن میں سے بعض اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہیں۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS