جامعہ ملیہ: بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان

0
Twitter

نئی دہلی (ایس این بی) : جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے اسکول کی بارہویں جماعت (ریگولر) کے نتائج کا آج اعلان کردیا ہے۔ امتحان میں شریک بچوں میں تقریباً53فی صد طلبا اور 47.04فی صد طالبات تھیں۔جامعہ اسکول کے یہ نتائج جامعہ کی آن لائن ویب سائٹ www.jmicoe.inپر بھی دستیاب ہیں۔
آرٹس میں لڑکوں کے40.98فی صد کے مقابلے میں طالبات نے 59.02فیصد کے ساتھ امتحان میں بازی ماری ہے۔سائنس میں 52.23فی صد لڑکے اور 47.77لڑکیاں کامیاب ہوئی ہیں جبکہ کامرس میں 77.11فی صد لڑکے اور 22.89 فیصد لڑکیاں کامیاب ہوئی ہیں۔
آرٹس میں 221طلبا نے امتیازی نمبرات کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے اور 77 طلبا کو صرف فرسٹ ڈویژن ملی ہے۔سائنس میں 409طلبا نے امتیازی نمبرات کے ساتھ پہلی ڈویژن حاصل کی اور 83 طلبا فرسٹ ڈویژن میں کامیاب ہوئے۔کامرس میں 111طلبا نے امتیازی نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور 47طلبانے صرف فرسٹ ڈویژن حاصل کی۔
پروفیسر نجمہ اختر ،شیخ الجامعہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کامیاب طلبا کو مبارک باد پیش کی اور ان کے تابناک مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ طلبا ادارے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوںنے امتحان منعقد کرانے کے لیے ڈینز اور دیگر اساتذہ کی کوششوں کی تعریف کی۔انھوں نے بحران کے اس دور میں بروقت نتائج کے اعلان کے لیے کنٹرولر امتحانات ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ان کی ٹیم کی مساعی کو بھی سراہا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS