جہانگیر پوری کے واقعہ کو مذہب کے چشمہ سے دیکھناٹھیک نہیں

0

نئی دہلی: (یو این آئی) کانگریس کے جنرل سکریٹری اجے ماکن نے جمعرات کو کہاکہ جہانگیر پوری میں بلڈوزر چلانے کا واقعہ غریب کے پیٹ پر لات مارنا ہے اور اس کو مذہب کے چشمہ سے نہیں دیکھا جانا چاہئے کیونکہ مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹانے کے لئے سازش کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔ مسٹر ماکن نے کانگریس کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے آج جہانگیر پوری کا دورہ کیا اور ان متاثرین سے ملاقات کرنے کی کوشش کی جن کے گھر بدھ کو غیرقانونی بتاکر بلڈوزر چلاکر منہدم کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے ایک وفد کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے وہ جہانگیر پوری آئے ہیں اور متاثرین سے ملاقات کے بعد واقعہ سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو سونپیں گے۔ ان کے ساتھ گئے وفد میں دہلی پردیش کانگریس کے لیڈر بھی شامل ہیں۔
مسٹر ماکن نے کہا کہ دہلی کے جہانگیر پوری میں جوچھ کچھ ہوا ہے وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور عام آدمی پارٹی کی ساز باز کی انتہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی مہنگا ئی اور بے روزگاری سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے جان بوجھ کر اس طرح کی سازش کررہی ہے۔
کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ دہلی میونسپل کارپوریشن نے جہانگیر پوری میں جو بھی کارروائی کی ہے وہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 2019کا عدالت کا حکم ساتھ لیکر آئے ہیں جس میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ بغیر نوٹس کے کسی بھی غیرقانونی تعمیرات کو ہٹایانہیں جاسکتا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS