نئی دہلی : ہندوستان کی منیشا کماری اور راجیشوری کماری کی ہندوستان کی ٹریپ ٹیم ایونٹ نے مصر کے قاہرہ میں منعقد انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) شاٹ گن ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس طرح ہندوستان نے دو تمغوں کے ساتھ مقابلہ ختم کیا۔ اس سے قبل ہندوستان کی مردوں کی اسکیٹ ٹیم نے کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔
ہندوستانی خواتین کی ٹیم روس کے خلاف0-4سے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے گولڈ میڈل میچ میں 4–4 سے برابری حاصل کی لیکن 15 شاٹس کی آخری سیریز میں اپنی تال برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور انہیں 4-6 سے شکست کھانے کے بعد چاندی کے تمغہ پر قناعت کرنا پڑی۔ منیشا اور راجیشوری نے مجموعی طور پر 444 کے اسکور کے ساتھ فائنل کے لئے جگہ بنائی تھی ، روسی ٹیم 463 کے اسکور کے ساتھ کوالیفائنگ میں سرفہرست رہی۔ مینز ٹریپ ٹیم 11 ٹیموں میں چھٹے نمبر پر رہی۔
اس سے قبل راجیشوری کماری اور لکشیہ شرن کی جوڑی ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ کےآخری دور میں پہنچنے سے چوک جانے کے بعد میڈل ریس سے باہر ہوگئی تھی۔ راجیشوری اور لکشیہ نے بدھ کی رات منعقدہ تیسرے اور آخری کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سبھی کو متاثر کیا ، لیکن تیسرے راؤنڈ میں 21 پوائنٹس کے ساتھ وہ چھٹے نمبر پر جانے کے بعد وہ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
کوالیفائنگ میچ میں روسی اور میزبان مصری کی جوڑی نے بالترتیب 150 میں سے 139 اور 138 پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے گولڈ میڈل میچ کے لئے کوالیفائی کیا اور اولمپک چمپئن کی روسی جوڑی الیکسی ایلپوف اور ڈاریہ سیمیانووا نے میزبان جوڑی میگی اشماوی اور احمد ظہیر کو ہراکر گولڈ اپنے نام کیا۔ ، جبکہ میزبانوں نے کانسہ کا تمغہ جیتا۔
ہندوستانی ٹیم نے میچ 135 پوائنٹس پر ختم کیا۔ ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں منیشا کیر اور کینن چنائے کی دوسری ہندوستانی جوڑی نے مجموعی طور پر 133 اسکوربنائے اور 14 ٹیموں میں یہ جوڑی نویں نمبر پر رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS