اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایک اور یونیورسٹی کو تباہ کر دیا

0
اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایک اور یونیورسٹی کو تباہ کر دیا
اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایک اور یونیورسٹی کو تباہ کر دیا

غزہ (یو این آئی): اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے محصور شہر غزہ میں ایک اور یونیورسٹی کو تباہ کر دیا، واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز نے غزہ کے جنوب میں اعلیٰ تعلیم کو ایک بار پھر نشانہ بناتے ہوئے ایک اور یونیورسٹی الاسراء کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے، اسرائیلی فورسز نے اس کی ویڈیو بھی جاری کی۔

فلسطینی یونیورسٹی بیرزیت نے صہیونی فورسز کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض افواج نے 70 دنوں سے الاسراء یونیورسٹی کیمپس میں ڈیرہ جمایا ہوا تھا، اور اسے ملٹری بیرکس میں تبدیل کر دیا تھا، اب اسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یونیورسٹی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اس کی بنیادوں اور دیواروں میں 315 بم نصب کیے گئے تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ذرا دیر میں پوری عمارت صفحہ ہستی سے مٹ گئی۔

اسرائیلی فورسز نے 11 اکتوبر 2023 کو بھی اسلامک یونیورسٹی آف غزہ کو فضائی بمباری سے تباہ کر دیا تھا اور اس کی ویڈیو جاری کر دی تھی، آئی ڈی ایف نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی میں حماس کا اہم آپریشنل، سیاسی اور فوجی مرکز قائم تھا۔

مزید پڑھیں: خان یونس میں اسرائیل کی بمباری، 23 فلسطینی شہید

واضح رہے کہ تین ماہ قبل جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی فورسز اسپتالوں کی طرح تعلیمی اداروں کو بھی مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں، الازہر یونیورسٹی، القدس اوپن یونیورسٹی اور فلسطین ٹیکنیکل یونیورسٹی سمیت متعدد کیمپسز پر آئی ڈی ایف نے بمباری کر کے انھیں شدید نقصان پہنچایا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS