ہندوستان کی نگاہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سیمی فائنل پر ہوگی

0
Image: Times of India

دبئی،(یو این آئی) آئی سی سی ٹی۔20 عالمی کپ 2021 کے یہاں اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے سپر 12 راؤنڈ کے مقابلے میں ہندستان کی نگاہیں سیمی فائنل پر ہوں گی۔ ہندستانی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی جیت درج کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کی راہ میں ایک قدم آگے بڑھانا چاہے گی۔نیوزی لینڈ کا بھی یہی ارادہ ہوگا۔
دبئی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم پر شام ساڑھے سات بجے کھیلاجانے والا یہ میچ ہر لحاظ سے دلچسپ ہوگا۔ فی الحال دونوں ہی ٹیموں کی جیت کا اکاؤنٹ نہیں کھلا ہے۔ دونوں کو ہی پاکستان کے خلاف اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ ہندوستان جہاں یکطرفہ انداز میں شکست کھایا تھا وہیں نیوزی لینڈ کو تھوڑے بہت چیلنج کے بعد شکست حاصل ہوئی تھی۔ ایسے میں دونوں ہی ٹیمیں مضبوط واپسی کرتے ہوئے جیت درج کرکے اپنا لوہا منوانا چاہیں گی۔ یہ میچ ہارنے والی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ بہت مشکل ہو جائے گی۔
ٹیم کی کارکردگی کی بات کریں تو پہلے میچ میں ہندوستان کا ٹاپ آرڈر کولیپس کرگیا تھا۔ حالانکہ کپتان وراٹ کوہلی نے 57 رن بناکر رشبھ پنت اور دیگر بلے بازوں کے ساتھ مل کر ٹیم کو 151 کے چیلنج سے بھرپور اسکور تک پہنچایا تھا لیکن پاکستان کی بلے بازی کے سامنے یہ اسکور ڈیفنڈ کرنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئی۔ یہاں تک کہ ہندستانی گیند باز پاکستان کا ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے تھے۔ وہیں نیوزی لینڈکی حالت بلے بازی میں ناگفتہ بہ تھی لیکن اس نے گیند بازی میں پاکستان کو خاصی ٹکر دی تھی۔ کین ویلیم سن، ڈیوون کونوے اور ڈیرل مچیل اچھے فارم میں ہیں۔
دونوں ٹیمیں نئے لائحہ عمل اور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیں گی۔جس کے تحت ٹیم میں تبدیلی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد ہندستانی ٹیم میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ ایلیون میں تجربہ کار اسپنرروی چندرن اشونی اور شاردل ٹھاکر کو جگہ مل سکتی ہے۔ وہیں تیز گیند بازوں جسپریت بمراہ اور محمد شمی سے گیند کے ساتھ اچھا پرفارمنس کرنے کی امید ہوگی۔
تیاریوں کی بات کریں تو آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے نیٹس پر گیند بازی کی ہے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے آج یہاں میچ سے ایک دن قبل شام میں پریس کانفرنس میں ہاردک پانڈیا کے پوری طرح فٹ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہاردک پوری طرح فٹ ہیں۔ اگر ہمیں چھٹے گیند باز کی ضرور ت پڑتی ہے تو وہ ہاردک ہوسکتے ہیں یا پھر وہ خود ہوسکتے ہیں۔ ہندستانی ٹیم نے حالانکہ کل اپنے مقررہ پرکٹس سیشن کومنسوخ کردیا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ کھلاڑیوں کا ابوذہبی میں نیٹ سیشن ہونا تھا لیکن ٹیم انتظامیہ نے محسوس کیا کہ پرکٹس سیشن کے لیے آنے جانے میں تین گھنٹے دینے کے بجائے دبئی میں ہوٹل میں ہی رہنا کھلاڑیوں کے لیے زیادہ بہتر ہوگا۔
دونوں ٹیم کے درمیان 16ٹی20 بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں جس میں دونوں نے 8-8 اپنے نام کیے ہیں۔ وہیں آئی سی سی ٹی۔20 عالمی کپ میں نیوزی لینڈ کا دبدبہ رہا ہے۔ دونوں کے درمیان ٹی۔20 عالمی کپ میں دو بار 2007 اور 2016 کو آمنا سامنا ہوا ہے اور دونوں مرتبہنیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے دی۔ ہندستان جیت کے ساتھ اس ریکارڈ کو بھی بہتر کرنے کی کوشش کرے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS