ایشیا پیسفک خطے میں آسیان کے مرکزی رول کی ہندوستان کی حمایت :نائب صدرجمہوریہ

0

نوم پنہ(یو این آئی) :نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے ہفتہ کو ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد اور تعاون کو مزید گہرا اور وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا پیسفک خطے میں آسیان کے مرکزی رول کی ہندوستان حمایت کرتا ہے ۔مسٹر دھنکھڑ یہاں ہند- آسیان 19ویں چوٹی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود تھے ۔ اس چوٹی کانفرنس کو ہند-آسیان تعلقات کے 30سال کی یادگاری سمٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔اس کا انعقاد آسیان کے 40اور 41 چوٹی کانفرنس کے ساتھ کیا جا رہا ہے ۔مسٹر دھنکھڑ کی قیادت میں ہندوستانی وفد میٹنگ میں شرکت کے لیے کل یہاں پہنچا تھا۔مسٹر دھنکھڑ نے کہا ‘‘ہم مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں تو اس خطے کا سیاسی منظرنامہ یقینی نظر آتا ہے ۔ ہم اس پر آنکھیں بند نہیں رکھ سکتے ۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ہند- آسیان تعاون کو وسعت دینا چاہیے ، اسٹریٹجک اعتماد کو گہرا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند-آسیان تعاون کو وسعت دینا چاہئے ، اسٹریٹجک اعتماد کو گہرا کرنا چاہئے ۔ اس سلسلے میں ہند-آسیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے رول کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔
ہندوستان آسیان کو علاقائی، کثیر جہتی اور عالمی نظم کے ایک اہم ستون کے طور پر دیکھتا ہے ۔ مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ ایشیا پیسفک خطے میں ابھرنے والے نئے صورتحال اور مساوات کے درمیان ہندوستان آسیان کی مرکزی حیثیت کی حمایت کرتا ہے ۔ ہندوستان اور آسیان نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے بارے میں باہمی اتفاق رائے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی میں مرکزی ستون ہیں۔ ثقافتی، اقتصادی اور تہذیبی میدان میں آسیان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات زمانہ قدیم سے چلے آرہے ہیں۔ اس نے ہمیں جدید دور میں آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو استوار کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے ۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آسیان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات، جو 1992 میں کچھ علاقائی موضوعات پر ایک پارٹنر کے طور پر شروع ہوئے تھے ، 2022میں ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں پروان چڑھے ہیں۔ آج یہ شراکت داری کثیر جہتی اور علاقائی بن چکی ہے ۔ رابطے کو وسعت دینے سے لے کر آب و ہوا کی تبدیلی تک، سلامتی سے لے کر خلائی سائنس تک، ٹیکنالوجی سے لے کر تجارت تک، اس شراکت داری میں تعاون جاری ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم ایک بہتر اور روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS