دہلی میں سیاسی ہلچل تیز

0

’آپ‘کے تمام امیدواروں کا اعلان
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں عام آدمی پارٹی کی پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کی آج میٹنگ ختم ہوئی۔ میٹنگ کے بعد دہلی کی سبھی 70 سیٹوں پر عام آدمی پارٹی نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے تو نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا پٹپڑ گنج سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ میڈیا کو دی گئی رپورٹ میں نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے بتایا کہ میٹنگ میں 46 اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ 9 سیٹوں پر نئے چہرے اتارے جارہے ہیں۔ منیش سسودیا کے مطابق، 15 موجودہ اراکین اسمبلی کو ریپلیس کیا گیا ہے۔ اس بار 6 خواتین کی جگہ 8 خواتین کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ منیش سسودیا نے بتایا کہ 46 موجودہ اراکین اسمبلی ہیں، 15 موجودہ اراکین اسمبلی کی جگہ پر نئے امیدواروں کو موقع دیا گیا ہے جبکہ 6 خالی سیٹ پر نئے نام دیئے گئے ہیں۔عام آدمی پارٹی نے کالکا جی سیٹ سے مشرقی دہلی سیٹ سے لوک سبھا امیدوار رہیں آتشی مارلینا کو امیدوار بنایا ہے جبکہ تیمار پور اسمبلی سیٹ پر موجودہ رکن اسمبلی پنکج پشکر کی جگہ دلیپ پانڈے کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ مسلم اکثریتی حلقہ مٹیا محل اور سیلم پور سے عام آدمی پارٹی نے اپنے موجودہ رکن اسمبلی کو تبدیل کردیا ہے۔ مٹیا محل میں عاصم احمد خان کی جگہ شعیب اقبال کو موقع دیا گیا ہے جبکہ سیلم پور میں حاجی اشراق خان کی جگہ پر کونسلر اسمارحمن کے شوہر عبدالرحمٰن کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں چاندنی چوک سیٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والی الکا لانبا کانگریس میں شامل ہوگئی ہیں۔ ان کی جگہ پر کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پرہلاد سنگھ کو عام آدمی پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔بدر پور کے موجودہ رکن اسمبلی کا ٹکٹ کاٹ کر سابق رکن اسمبلی اور حال ہی میں کانگریس چھوڑنے والے رام سنگھ نیتا جی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔مٹیا محل سے دہلی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی شعیب اقبال کو موجودہ رکن اسمبلی عاصم احمد خان کی جگہ پر امیدوار بنایا گیا ہے۔
ایل جے پی کے 15 امیدواروں کا اعلان: بی جے پی کی اتحادی لوک جن شکتی پارٹی نے بھی دہلی اسمبلی انتخابات کے لےے اپنے 15 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے تمام 70سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ان کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد صرف بہار تک محدود ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS