ہندوستان نے بنگلہ دیش کو دی1-0 سے شکست

0

جمشید پور (یو این آئی) :ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم نے ہفتہ کو یہاں سیف انڈر18- خواتین چمپئن شپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے خلاف1-0کی یادگار جیت درج کی۔ میچ کتنا سنسنی خیز تھا، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پورے میچ میں واحد گول ہندوستانی دفاعی کھلاڑی نیتو لنڈا نے دوسرے ہاف میں 63ویں منٹ میں کیا۔ بنگلہ دیش کی گول کیپر روپما چکما لِنڈا کے شاٹ پر چکما کھاگئیں اور گیند کو گول پوسٹ تک جانے سے نہ روک سکیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پہنچ گیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں فتح حاصل کی ہے ۔ وہیں دفاعی چمپئن بنگلہ دیش تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، جبکہ نیپال اپنے دونوں میچ ہارنے کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے15 مارچ کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں نیپال کو یک طرفہ انداز میں7-0 سے شکست دی تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف یہ کارکردگی ہندوستان کی بہترین کارکردگی نہیں تھی، لیکن پھر بھی وہ میچ کے زیادہ ترحصے میں بنگلہ دیش سے بہترٹیم نظرآئی، خاص طورپر دوسرے ہاف میں۔ انہوں نے میچ میں تین بار گول کے مواقع پیدا کئے ۔ دو بار لنڈا نے گول کرنے کا موقع بنایا، جب کہ ایک بار لیفٹ ونگ میں متاثر کن انیتا کماری نے کراس کے ذریعے گول کاموقع بنایا، حالانکہ ان میں سے صرف ایک گول میں تبدیل ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اب پیر کو دوسرے مرحلے میں نیپال سے بھڑے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS