ہانگ کانگ کو ہرا کر سپر-4 میں پہنچا ہندوستان

0

دبئی (یو این آئی) : ہندوستان نے سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 68) اور وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ 59) کی نصف سنچریوں کی بدولت بدھ کو ہانگ کانگ کو 40 رن سے شکست دے کر ایشیا کپ 2022 کے سپر- 4 میں جگہ بنا لی ہے۔ ہندوستان نے ہانگ کانگ کو 193 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں ہانگ کانگ صرف 152 رنز بنا سکی۔ ہندوستان کے لیے اسٹار آف دی میچ سوریہ کمار یادو رہے جنہوں نے صرف 26 گیندوں میں چھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر ہانگ کانگ کو چاروں کھانے چت کر دیا۔ اس کے علاوہ وراٹ کوہلی نے بھی 44 گیندوں پر 59 رنز بنا کر چھ ماہ بعد پچاس رنز کا ہندسہ چھو لیا۔ ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ کپتان روہت شرما نے لوکیش راہل کے ساتھ 21 (13) رنز بنائے اور پہلی وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت کی۔ راہل نے وکٹ پر جدوجہد کی اور 36 (39) رنز بنائے ۔ 13ویں اوور میں 94 رنز پر راہل کی وکٹ گرنے کے بعد کوہلی اور سوریہ کمار نے برتری حاصل کی اور تیسرے وکٹ کے لیے 45 گیندوں میں 98 رنز جوڑے ۔ کوہلی نے پاور ہٹ کرتے ہوئے اپنی اننگز میں تین بلند و بالا چھکے لگائے ۔ دوسری جانب دھماکہ خیز بلے بازی کے عروج پر پہنچنے والے سوریہ کمار نے 261.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی۔ انہوں نے ہارون ارشد کے آخری اوور میں چار چھکے مار کر 26 رنز بنائے جس سے ہندوستان نے 20 اوورز میں 192 رنز بنائے اور آخری پانچ اوورز میں 76 رنز بنائے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS