کئی اور ملکوں میں بھی ہند نژاد لوگوں کا دبدبہ

0

دنیا کے کئی ممالک میں ہند نژاد لوگ سیاست میں ہیں، کونسلر ہیں، میئر ہیں، ایم ایل اے ہیں، ایم پی ہیں ، صدر اور وزیراعظم بھی ہیں۔ وہ سب اپنے اپنے ملک کے با اثر لوگ ہیں۔ وہ یوں ہی بڑے عہدوں تک نہیں پہنچے، اس کے لیے محنت کی ہے، بدلتے حالات کے تقاضوں کی مناسبت سے فیصلے لیے ہیں، بصیرت کے ساتھ بصات سے کام لیا ہے، ان کا اپنا ایک دائرۂ اثر ہے۔ ان شخصیتوں میں سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب کا بھی شمار ہوتا ہے۔ ان کے آبا و اجدادکی وابستگی ہندوستان سے تھی۔ ان کے والد ہند نژاد تھے۔ وہ ایک واچ مین تھے۔ حلیمہ کی پیدائش 23 اگست، 1954 کو ہوئی۔ وہ 8 سال کی تھیں تودل کا دورہ پڑنے سے والد کی موت ہوگئی ۔ حلیمہ نے والد کی موت کے غم کے ساتھ مفلسی کے سائے میں پرورش پائی مگر پڑھنا جاری رکھا، ڈاکٹر آف لاز کی ڈگری حاصل کی۔ حلیمہ یعقوب 14 ستمبر، 2017 کو سنگاپور کی صدر بنیں اور وہ آج بھی اس عہدے پر قائم ہیں۔ کورونا کے دور میں ان کی انداز حکومت کی تعریف عالمی سطح پر ہوئی، کیونکہ سنگاپور ان گنے چنے ملکوں میں شامل تھا جو کورونا وائرس کی روک تھام کرنے میں بڑی حد تک کامیاب ہوا تھا۔
دنیائے سیاست کی ہند نژاد بڑی ہستیوں میں پرتگال کے وزیراعظم انتونیو کوستا کا بھی شمار ہوتا ہے۔ وہ ایک اچھے وکیل بھی ہیں۔ ان کی پیدائش 17جولائی، 1961 کو ہوئی تھی۔ ان کے والداورلاندو دا کوستا رائٹر اوران کی والدہ ماریا انتونیو پالا صحافی تھیں۔ ان کی والد کی پیدائش موزمبیق میں ہندوستانی ریاست گویا کی ایک فیملی میں ہوئی تھی۔ اورلاندو دا کوستا نے پرتگالی میں ’شائن آف اینگر‘ جیسی مشہور کتاب لکھی ہے۔ کوستا کو پیار سے ’بابُش‘ کہا جاتا ہے۔ کونکنی میں اس کا مطلب پیارا نوجوان ہوتاہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، ’اپنی ہندوستانی پہچان پرکوستانے ایک بار کہا تھا کہ ’’میری چمڑی کے رنگ نے مجھے کبھی بھی کچھ بھی کرنے سے نہیں روکا۔ میں اپنی جلد کے رنگ کے ساتھ معمول کے مطابق رہتا ہوں۔‘
ماریشس ایک ایسا ملک ہے جس کے صدر اور وزیراعظم دونوں ہند نژاد ہیں۔ صدر پرتھوی راج سنگھ روپن ایک ہندوستانی آریہ سماجی ہندو فیملی میں 24 مئی، 1959 کو پیدا ہوئے تھے لیکن ان کی پیدائش ماریشس میں ہی ہوئی تھی۔ ماریشس کے ہی وزیراعظم ہیں پروند جگن ناتھ۔ ان کا پورا نام پروند کمار جگن ناتھ ہے۔ وہ ہند نژاد ہیں اور ان کے اجداد کا تعلق ہندوستان کے بہار سے تھا۔ پروند جگن ناتھ کی پیدائش 25 دسمبر، 1961 کو ماریشس میں ایک ہندو اہیر فیملی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد انیرودھ جگن ناتھ بھی ماریشس میں ہی پیدا ہوئے تھے۔ انیرودھ جگن ناتھ ماریشس کے صدر اور وزیراعظم رہے۔ پروند جگن ناتھ ہندوستان آتے رہے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق، وہ اس سال بھی ہندوستان آئے تھے۔ وہ والد کی استھیاں لے کر سپرد گنگا کرنے کے لیے وارنسی گئے تھے۔
گیانا جنوبی امریکہ کا ایک ملک ہے۔ اس کے صدر ہیں عرفان علی۔ ان کا پورا نام محمد عرفان علی ہے۔ وہ گیانا کے پہلے مسلمان ہیں جو اس عہدے تک پہنچے ہیں اور وہ دوسرے مسلمان لیڈر ہیں جو براعظم امریکہ کے کسی ملک کے صدر بنے۔ ان سے پہلے براعظم امریکہ کے ملک ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے دوسرے صدر بننے کا اعزاز نورحسن علی کو حاصل ہوا تھا۔ عرفان علی کی پیدائش گیانا میں ہی 25 اپریل، 1980 کو ہوئی تھی۔ ان کے اجداد کی جڑیں بھی ہندوستان ہونے کی رپورٹیں آئی ہیں۔ اسی لیے عرفان علی کا شمار دنیائے سیاست کے ان بڑے لیڈروں میں ہوتا ہے جو ہند نژاد ہیں اور اپنے ملک میں اپنا ایک بڑا سیاسی دائرۂ اثر رکھتے ہیں۔
سیشیلز (Seychelles) افریقہ کا ایک ملک ہے۔ وہ حسین اور دلکش ساحلوں کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس کی آبادی صرف 100,447 ہے۔ یہ اقتصادی طور پر خوشحال ملک ہے، اس کی فی کس آمدنی 37,661 ڈالر ہے۔ اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اسے اچھے لیڈر ملتے رہے ہیں جنہوں نے صرف سیاست نہیں کی۔ ان لیڈروں میں واویل رامک لاون کا بھی شمار ہوتا ہے۔ وہ اس وقت سیشیلز کے صدرہیں۔ واویل رامک لاون، سیشیلز میں ہی 15 مارچ، 1961 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ بھی ایک ہند نژاد لیڈر ہیں، کیونکہ ان کے دادا کا تعلق ہندوستان کی ریاست بہار سے تھا۔ واویل رامک لاون 32 سال کی عمر میں 1993 میں اپوزیشن ایم پی بنے تھے۔ اس عہدے پر وہ 2011 تک فائز رہے، پھر 2016 سے 2020 تک دوبارہ اس عہدے پر رہے۔ واویل رامک لاون نے سیشیلز کے صدر کا عہدہ 26 اکتوبر، 2020 کوسنبھالا تھا۔
سرینام جنوبی امریکہ کا ایک ملک ہے۔ یہ بحر اوقیانوس کے کنارے واقع ہے۔ مطلب یہ کہ محل وقوع کے لحاظ سے یہ ایک اہم ملک ہے۔ اس کی آبادی سیشیلز سے زیادہ ہے یعنی 632,638 ہے۔ اس کے صدر ہیں چان سنتوکھی۔ ان کا پورا نام چندریکا پرساد سان سنتوکھی ہے۔ ان کی پیدائش سرینام میں ہی 3 فروری، 1959 کو ہوئی تھی۔ ان کے والد ایک بندرگاہ میں کام کرتے تھے اور والدہ ایک دکان میں معاون کا کام کرتی تھیں۔ چان سنتوکھی نے محنت سے پڑھائی کی، پولیس افسر بنے۔ قسمت انہیں سیاست کی طرف لے آئی اور انہیں سرینام کے 9 ویں صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ چان سنتوکھی نام سے ہی ظاہر ہے کہ وہ ہندو ہیں اوران کے اجداد کا تعلق ہندوستان سے تھا۔ ایسی بھی خبر آئی ہے کہ چان سنتوکھی نے صدرکے عہدے کا حلف سنسکرت میں لیا تھا۔
ہندوستان ایک بڑا ملک ہے۔ یہ چین کو پیچھے چھوڑ کر آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ ہندوستان کو ایک قدیم ملک ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہاں آکر لوگ بسے اور یہاں کے لوگ دنیا بھر کے ملکوں میں آباد ہوئے۔ ان کی نسلیں آج ہر میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اس لیے سیاست میں کسی ہند نژاد لیڈر کا بڑا عہدہ حاصل کر لینا بڑی بات نہیں، البتہ یہ سوال ضرور جواب طلب ہے کہ کیا ان ملکوں کے لوگ شہریت کی جانچ کرنے کے لیے برسوںپرانے ہونے کا راگ نہیں الاپتے؟ کیا ان ملکوں کے لوگ باہرسے آکر اپنے یہاں بس جانے والوں کو لٹیرا یا قابض نہیں مانتے؟ n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS