جج دھمکی معاملہ: عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

0

اسلام آباد(ایجنسیاں) : اسلام آباد ضلعی عدالت کی خاتون جج کو دھمکی کے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روکتے ہوئے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عبوری ضمانت منظور کی۔ عدالت نے عمران خان کی 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جج دھمکی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی۔ عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان نے درخواست دائر کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی بائیو میٹرک سے استثنی ٰکی درخواست بھی دائر کی گئی۔یاد رہے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس میں عدم ہپیشی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ تھانہ مارگلہ کے علاقہ مجسٹریٹ کی طرف سے عمران خان کے وارنٹ گرفتار ی جاری کیے گئے۔ وارنٹ گرفتاری تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو درج مقدمے میں جاری ہوئے۔مقدمے میں عمران خان کے خلاف دفعہ 504 اور دفعہ 506 لگائی گئی ہے۔ مقدمے میں عمران خان کے خلاف دفعہ 188/189 لگی ہوئی ہے۔ عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کا نمبر407 ہے۔ مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ وارنٹ گرفتاری ایک قانونی عمل ہے۔ عمران خان پچھلی پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معزز عدالت عالیہ نے مقدمہ نمبر 407/22 سے دہشت گردی کی دفعہ خارج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس حکم کے بعد یہ مقدمہ سیشن کورٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔ عمران خان نے سیشن کورٹ سے ابھی تک اپنی ضمانت نہیں کروائی، پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان مت دھریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS