دفعہ 144 معاملے میں عمران خان کی ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع

0

اسلام آباد (یو این آئی) : اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے معاملے میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع کر دی۔یہ اطلاع پاک میڈیا نے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں آج دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے معاملے میں عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا اور اسد قیصر کی بھی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔فیصل واوڈا کے وکیل سردار مصروف خان نے استدعا کی کہ فیصل واوڈا عمرے کی ادائیگی پر گئے ہوئے ہیں، آج حاضری سے معافی کی درخواست منظور کی جائے ۔اس پر جج نے استفسار کیا کہ ‘شہریار آفریدی، راجا خرم، علی نواز، فیصل جاوید کدھر ہیں؟، وکلا نے جواب دیا کہ وہ آرہے ہیں، راستے میں ہیں، سردار مصروف خان نے کہا کہ فیصل جاوید کا مقدمہ دوسری عدالت میں ہے۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ مقدمہ ایک ہی ہے اور دلائل بھی ایک جیسے ہی ہوں گے۔ جج نے پولیس سے استفسار کیا کہ تفتیشی کون ہے ؟ کیا تفتیش مکمل ہے ؟ تفتیشی آفیسر نے جواب دیا کہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور تفتیش بھی مکمل ہے ۔بابر اعوان نے کہا کہ اسد عمر راستے میں ہیں، جب مقدمہ ہوا وہ لاہور میں تھے ، اسد عمر کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی موجود تھی۔بابر اعوان نے ایڈیشنل سیشن جج کا آگاہ کیا کہ عمران خان 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، وہ آج پیش نہیں ہوں گے ، حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی جائے ۔جج نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ الیکشن کب ہو رہے ہیں، بابر اعوان نے بتایا کہ الیکشن 25 ستمبر کو ہو رہے ہیں، تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں دفعات قابل ضمانت ہیں، عمران خان کے خلاف یہ 21 واں مقدمہ ہے جس میں ضمانت لے رہے ہیں، دفعہ 506 (2) میں 3 سال سزا ہے ۔جج نے ریمارکس دیے کہ دفعہ 506 (2) ناقابل ضمانت ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS