ڈاکٹرزڈے: کورونا کی جنگ میں مستعد ڈاکٹروں کو ملک نے سلام پیش کیا

0

نئی دہلی: نیشنل ڈاکٹرز ڈے کے موقع پر سیاسی، فلم، کھیل اور دیگر شعبوں سے جڑی معزز شخصیتوں اوربڑی تعداد میں عام لوگوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں کی بے لوث خدمت اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی سلامتی کی دعا کی۔ 
کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے پورے ملک میں کئی ڈاکٹروں کی جان جاچکی ہے۔ مغربی بنگال کے دوسرے نمبر کے وزیراعلی ڈاکٹر بدھان چندر رائے کی یاد میں ہر سال یکم جولائی کو نیشنل ڈاکٹرز ڈے منایاجاتا ہے۔ ڈاکٹر بی سی رائے کی پیدائش اور موت ایک ہی تاریخ یعنی یکم جولائی کو ہوئی تھی۔ 
اس مرتبہ ڈاکٹرز ڈے کورونا وبا کے دوران منایا جارہا ہے اور ایسے میں کورونا کی لڑائی میں ڈاکٹروں کے عزم اور بے لوث خدمات کو سلام پیش کرنےکے لئے ہر شعبہ کے لوگ سوشل میڈیا پر مبارکباد پیش  کررہے ہیں۔ 
صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم مودی، مرکزی وزیر صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر ریلوے پیوش گوئل، مرکزی وزیر مملکت برائے صحت وخاندانی فلاح وبہبود اشونی چوبے، آندھرا پردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی، مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر، انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی، کرکٹر یوراج سنگھ، ہاردک  پانڈیا، روہت شرما، فلم اداکار موہن لال، کمل ہاسن، دھنش، تمنا بھاٹیہ، رندیپ ہوڈا، سلمان خان وغیرہ نے کورونا کے خلاف لڑائی میں ڈاکٹروں کی خدمات کو سلام پیش کیا اور انہیں ڈاکٹرز ڈے کی مبارک باد پیش کی۔
 صدر نے مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ’’ڈاکٹر ڈے کے موقع پر سبھی ڈاکٹروں کو میری نیک خواہشات۔ ہم سبھی کووڈ۔19 عالمی وبا کے خلاف لڑائی میں ڈاکٹروں کی بے لوث خدمات کے لئے ہم لوگ شکریہ ادا کرتےہیں۔ قوم آپ کے جذبہ کو سلام پیش کرتی ہے۔‘‘
نائب صدر نے اس موقع پر انسانیت کی بے لوث خدمت کے  لئے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا اور بھارت رتن ڈاکٹربی سی رائے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کورونا وبا کے دوران ملک کے ڈاکٹروں نے اپنی فکرنہ کرتے ہوئے اگلی لائن کے سپاہی کے طور پر سماج کی صحت کا دفاع کیا ہے۔ کووڈ۔19 کے مریضوں کا علاج  کرنے میں کتنے ہی ڈاکٹر اورصحت سے متعلق اہلکار خود متاثر ہوئے ہیں۔ آیئے آج  ’ڈاکٹرز  ڈے‘کے موقع پر عزم کریں کہ اپنے ڈاکٹروں کو ہر ممکن حمایت دیں گے۔ ڈاکٹروں اور صحت سے متعلق اہلکاروں کی صحت، عزت اور سلامتی سماج کی ذمہ داری ہے۔‘‘
وزیراعظم مودی نے کہا کہ پورا ملک کووڈ۔19 کے خلاف اگلے مورچے پر ڈٹے رہنے والے ڈاکٹروں کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایک ویڈیو بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ’’ماں ہمیں جنم دیتی ہے تو کئی بار ڈاکٹر ہمیں نئی زندگی دیتا ہے۔ بحران کی اس گھڑی میں اسپتالوں میں سفید دکھ رہے ڈاکٹر،نرس، خدا کا ہی ایک روپ ہے۔ خود کو خطرے میں ڈال کر یہ ہمیں بچارہے ہیں۔ ان کے ساتھ برا برتاؤ ہوتا دیکھیں تو آپ وہاں جاکر لوگوں کو سمجھائیں۔‘‘
ڈاکٹر، نرس، میڈیکل اسٹاف زندگی بچاتے ہیں اور ہم ان کا قرض کبھی نہیں اتارسکتے۔ یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ جو ملک کی خدمت کرتے ہیں جو ملک کے لئے خود کو وقف کرتے ہیں، ان کی عوامی طور سے عزت ہر وقت ہونی چاہئے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS