بن کر وہ آئے رہ نما حضرت محمد مصطفی بعد از خدا بس آپ کا ہے مرتبہ سب سے بڑا

0

بن کر وہ آئے رہ نما حضرت محمد مصطفی
بعد از خدا بس آپ کا ہے مرتبہ سب سے بڑا
جب بھی محمدؐ نام کا سنئے کہیں پر تذکرہ
پڑھیے تبھی صلِّ علیٰ، صلِّ علیٰ، صلِّ علیٰ
باتیں ہیں ان کی معتبر، دل پر کریں گہرا اثر
سن کر انہیں ایسا لگے ہر مرض کی جیسے دوا
اخلاق میں کردار میں سیرت رسولؐ اللہ کی
بالکل ہو جیسے ہو بہو وہ آئینہ قرآن کا
وہ شان عالی دیکھئے جس کیلئے رب نے کہا
میرے نبیؐ کا جو ہوا وہ ہوگیا اللہ کا
اپنی زبانِ پاک سے جو بھی کہا، جب بھی کہا
پیارے رسول پاکؐ نے کرکے عمل دکھلا دیا
اس ذات پر قربان ہے سو بار میری زندگی
اللہ کا فرمان جس نے ہو بہو پہنچا دیا
چھوٹا ہو کوئی یا بڑا ملتے وہ سب سے پیار سے
دربار میں ان کے ذکیؔ سب ایک ہیں شاہ وگدا

محمد یٰسین ذکی،سیوہارہ، بجنور

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS