آزادی کے 75 سال:: کانگریس نے گجرات سے شروع کی ’آزادی گورو یاترا‘

0

احمد آباد، (پی ٹی آئی) : کانگریس نے آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر گجرات کے گاندھی آشرم سے بدھ کو ’آزادی گورو یاترا‘ شروع کی۔ اس میں آزادی کی جدو جہد اور 1947 کے بعد ملک کی ترقی میں پارٹی کے کردار کی نشاندہی کی جائے گی۔ اسے گجرات اسمبلی الیکشن کے لیے پارٹی کی تشہیری مہم کی شروعات بھی مانا جا رہا ہے۔
کانگریس کے ایک لیڈر نے بتایا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے یاترا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ ’ہماری نئی پیڑھی کو برٹش راج سے آزادی حاصل کرنے میں ہمارے رہنمائوں کے ذریعہ کی گئیں قربانیوں سے آگاہ کرایا جا سکے۔‘ یہ یاترا یکم جون کو دہلی کے راج گھاٹ پر آخری پڑائو پر پہنچنے سے پہلے 4 ریاستوں سے ہو کر گزرے گی۔ اس موقع پر کانگریس رہنمائوں نے کہا کہ اگلے 10 دن میں گجرات کے 5 ضلعوں میں 1,200 کلومیٹر کا پیدل مارچ نکالا جائے گا۔ کانگریس سیوا دل کے سیکڑوں ارکان آج صبح آشرم کے ’ہردیہ کنج‘ میں منعقدہ پرارتھنا سبھا میں شامل ہوئے اور پھر اپنے ہاتھوں میں پارٹی کا پرچم لے کر پد یاترا شروع کی۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی نے آزادی کے حصول کیلئے سبھی اہم سرگرمیوں کی شروعات سابرمتی آشرم سے کی تھی۔ 12 مارچ 1930 کو نمک قانون کے خلاف ڈانڈی یاترا پر نکلنے سے پہلے وہ کئی برسوں تک اس آشرم میں رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا کا انعقاد آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر اور آزادی کی جدو جہد میں کانگریس کے کردار اور آزادی کے بعد ملک کی ترقی میں اس کی خدمات کی نشاندہی کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ پیدل مارچ کو گجرات امور کے انچارج رگھو شرما، ریاستی اکائی کے صدر جگدیش ٹھاکور سمیت کانگریس قیادت نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ شرما نے صحافیوں سے کہا کہ ’ملک ہندوستان آزادی کے 75 سال پورے ہونے کا جشن منا رہا ہے، ایسے میں ہماری قومی صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے نئی نسل کو برٹش راج سے آزادی حاصل کرنے میں ہمارے رہنمائوں کے ذریعہ کی گئیں قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرانے کیلئے ’’آزادی کی گورو یاترا‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ یاترا راجستھان میں داخل ہونے سے پہلے 10 دن میں گجرات کے 5 ضلعوں سے ہو کر گزرے گی۔ یاترا مہاتما گاندھی کو وقف اسمارک راج گھاٹ پر ختم ہونے سے پہلے ہریانہ اور دہلی سے ہو کر گزرے گی۔ یہ یاترا 42 دن میں مکمل ہو گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS