اجتماعی عصمت دری کامعاملہ:لونی کے سابق چیئرمین کی پراپرٹی قرقی کا حکم

0

لونی(ایس این بی ) : عدالت نے گینگ ریپ کیس میں مفرور بلدیہ کے سابق چیئرمین منوج دھاما سمیت 6 ملزمان کے گھروں کو اٹیچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ منگل کی رات پولیس نے نگاڑہ بجا کر بہٹہ حاجی پور میں منوج دھاما کے گھر پر نوٹس چسپاں کیا۔ اگر ایک ماہ میں عدالت میں پیش نہ ہوئے تو جائیداد کو اٹیچ کر دیا جائے گا۔
سابق بار سکریٹری ایڈوکیٹ پرویندر ناگرکے مطابق متاثرہ نے حال ہی میں ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پرہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ 13 جولائی کو ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ایک سال میں کیس نمٹانے کا حکم دیا ہے ، لیکن ریپ کے تمام ملزمان طویل عرصے سے مفرور ہیں۔ عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ منوج دھاما سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ممکنہ مقامات پر چھاپے مارے گئے ، تاہم تمام ملزمان مفرور ہیں۔ عدالت نے ایک بار پھر تمام ملزمان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔لونی بارڈر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اکھلیش کمار مشرا کے مطابق 2019 میں ایک کالونی کی رہائشی خاتون نے بلدیہ کے سابق چیئرمین وبی جے پی لیڈرمنوج دھاما اور اس کے پانچ ساتھیوں پر اجتماعی زیادتی کا الزام لگایا تھا۔ پولیس نے منوج دھاما ، شوبھت ملک ، دیپک دھاما ، ستیندر چوہان ، وکاس پوار اور راہول دھاما کے خلاف رپورٹ درج کی تھی۔ پولیس کی کوششوں کے باوجود ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ عدالت نے منگل کو اٹیچمنٹ کی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ اس پر پولیس نے ملزمان کے گھروں پر نوٹس چسپاں کر کے نگاڑہ بجایا۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ تمام ملزمان ایک ماہ کے اندر سرینڈرکر دیں ، بصورت دیگر جائیداد کو اٹیچ کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ حکم میں تمام ملزمان کا ایک ہی گھر دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS