اختلافات بھلا کر قومی مفاد اورعوامی خدمات کے مقصد کو پورا کریں عوامی نمائندے : کووند

0
Image: The Indian Express

نئی دہلی: (یو این آئی) پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے آغاز سے قبل صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے یوم آئین کے موقع پر تمام عوامی نمائندوں سے اختلافات کوبھلا کر قومی مفاد اور عومی خدمات کے حقیقی مقصد کے لئے کام کرنے کی اپیل کی۔ رام ناتھ کووند نے آئین کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ یوم آئین پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی مجلس، اسمبلی اور پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کی صرف ایک ترجیح ہونی چاہئے۔ وہ ترجیح ہے – اپنے علاقے کے تمام لوگوں کی فلاح و بہبود اور ملک کے مفاد میں کام کرنا ۔ انہوں نے کہا ’’نظریات میں اختلاف ہو سکتا ہے ، لیکن کوئی اختلاف اتنا بڑا نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی خدمت کے اصل مقصد میں رکاوٹ پیدا کرے ۔ حکمران جماعت اور اپوزیشن کے اراکین میں مسابقت ہونا فطری بات ہے لیکن یہ مسابقت بہتر نمائندے بننے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر کام کرنے کی ہونے چاہئے ۔ تب ہی اسے صحت مند مسابقت سمجھا جائے گا ۔ پارلیمنٹ میں مسابقت کو دشمنی نہیں سمجھا جانا چاہئے ۔ اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، مرکزی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین موجود تھے۔
صدر نے پارلیمنٹ کو جمہوریت کا مندر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر رکن پارلیمنٹ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کے اس مندر میں اسی عقیدت کے اسی جذبے کے ساتھ عمل کرے، جیسے وہ اپنی عبادت گاہوں میں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’درحقیقت اپوزیشن جمہوریت کا سب سے اہم عنصر ہے ۔ سچ تو یہ ہے کہ موثر اپوزیشن کے بغیر جمہوریت بے اثر ہو جاتی ہے ۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے اختلافات کے باوجود شہریوں کے بہترین مفاد کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے، یہ امید کی جاتی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS