کسانوں کے صبر کا امتحان نہیں لیا جانا چاہئے: کانگریس

0

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے صبر کا امتحان لے رہی ہے  لیکن اسے یہ سوچنا چاہئے کہ ابھی یہ وقت امتحان لینے کا نہیں بلکہ کاشتکاروں کی مشکلات کو حل کرنے اور انہیں ساتھ لے  کر چلنے  کا ہے۔
کانگریس لیڈر سنیل جاکھڑ نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت کسانوں کے معاملے پر ہٹ دھرمی  کررہی ہے اور کسانوں کی بات سننے کے بجائے وہ اپنی بات پر اڑی ہے اور اپنی بات منوانے کے لئے کسانوں کو بانٹنے کی پالیسی پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو بانٹنے کے بجائے ان کی باتیں سننی  چاہئے اور ان کے صبر کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ وقت صبر کا امتحان لینے کا نہیں بلکہ سب کو ساتھ لینے اور کسانوں کی تحریک کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ شرح صدر سے کسانوں کی باتیں سنیں اور ان کے مطالبات کو دھیان سے سن کر ان کے مسائل حل کرے۔ اسے سخت موقف  چھوڑ  کر تینوں قوانین کو واپس لینا چاہئے اور کسانوں کی باتوں کو تسلیم  کرنا چاہئے۔
کانگریس کے بھارت بند کی حمایت کرنے کے سوال کے بارے میں انہوں نے اس  بات کو  تسلیم کیاکہ اس بند سے ملک کے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن سب کو کسانوں کی پریشانی کو سمجھنا چاہئے اور کسانوں کا تعاون کرکے بھارت بند کی حمایت کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح قومی سلامتی کو  کرایہ کے لوگوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا اسی طرح ملک کے غذائی تحفظ بھی کرائے کے کسانوں کے ہاتھ میں نہیں  دیا جاسکتا۔ لہذا حکومت کو کسانوں کے مفادات کا خیال  رکھنا  چاہئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS