کسان تحریک معاملہ :سرحدیں قلعہ میں تبدیل

0

نئی دہلی :نئے زرعی قوانین کی مخالفت میں کسان اپنے مطالبات کی حمایت میں دہلی سے متصل سرحدوں پر ڈیرا جمائے ہوئے ہیں، جبکہ ٹریکٹر پریڈ کے نام پر آئی ٹی او، لال قلعہ تک جم کر ہنگامہ کے بعد بھی یہ کسان سرحد چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔اب اس تحریک کے 71دن مکمل ہوگئے ہیں۔ کسان اپنے مطالبات پر بضد ہیں۔ ایسے میں کسانوں کی ضد اور دہلی کے الگ الگ علاقوں میں ٹریکٹر پریڈ کے نام پر ہوئے تشدد کے پیش نظر دہلی پولیس بیحد چوکس ہے۔ اب وہ سیکورٹی میں کسی طرح کی کوتاہی برتنا نہیں چاہتی ہے۔ دہلی سے متصل ٹیکری، سنگھو اور غازی پور بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں۔ ان سرحدوں پر دہلی پولیس کے علاوہ سیکورٹی فورسیز کے جوانوں کو بھی تعینات کردیا گیا ہے، جن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سرحدوں پر سیکورٹی کی گشت کو بڑھا دی گئی ہے۔ ٹیکری بارڈر پر دہلی پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ایسے میں یہاں پہلے سے ہی سڑکوں پر کیل لگائی گئی تھی اور لوہے کے بیریکیڈ کے علاوہ کٹیلے اور نوکیلے تار لگائے گئے تھے، ساتھ ہی سیمنٹ کی بیریکیڈنگ کی گئی تھی، لیکن جمعرات کو یہاں پر پتھراؤ سے بچنے کیلئے بیریکیڈ کے اوپر لوہے کے جال بھی لگادیے گئے ہیں۔  جمعرات کو کچھ ممبران پارلیمنٹ کا گروپ بھی کسانوں سے ملنے کیلئے پہنچا تھا۔ انہیں کسانوں سے ملنے نہیں دیاگیا۔ پولیس نے انہیں بارڈر سے واپس لوٹادیاتھا۔سرحد پر جو کیلیں لگائی گئی تھیں، اس پر شورشرابہ جاری ہے۔ پولیس اب ان کیلوں کو وہاں سے ہٹارہی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اب یہ کیلیں دوسرے مقامات پر لگائی جائیں گی۔ مشرقی ضلع ڈی سی پی دیپک یادو نے کہاکہ بارڈر پر سیکورٹی کے انتظامات پہلے کی طرح ہی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ایسی تصویریں سامنے آرہی ہیں کہ غازی پور بارڈر سے کیلیں نکالی جارہی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کی جگہ بدلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غازی پور بارڈر پر سی آر پی ایف کے علاوہ آرپی ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کردیا گیاہے اور ڈرون کیمرے سے بھی یہاں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 
دوسری جانب کسان تنظیموں کے ذریعہ 6فروری کو ملک بھر میں چکا جام کئے جانے کے اعلان کے بعد سنیکت کسان مورچہ اس کی تیاری میں مصروف ہوگیاہے۔ کسان لیڈروں کا کہنا ہے کہ سنیکت کسان مورچہ اس سلسلے میں تفصیل سے گائڈ لائنس جاری کرے گا، جو جمعہ تک طے ہوں گی۔وہیں کسان تحریک کو ملک گیر حمایت ملنے سے مظاہرین میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے معروف شخصیات کی طرف سے مل رہی حمایت پر ان کا شکریہ اداکیااور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS