ہماچل پردیش میں 7 اپریل کو کسانو ں کی مہا پنچایت

0

ناہن: ہماچل پردیش کے ضلع سرمور کے پاونٹا صاحب میں7 اپریل کو کسانوں کی مہا پنچایت ہوگی جس میں ہماچل، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں کے کسان شرکت کریں گے۔ بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیٹ نے ویڈیو جاری کر کے ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں کے کسانوں سے اس مہاپنچایت میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بڑی کمپنیوں کی سیب مارکیٹ پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی بن چکی ہے۔ مقامی خریدار پہلے 20 سے 25 روپے کلو سیب خریدتا تھا۔ تقریباً گزشتہ 3 برسوں میں صورتحال یہ ہو گئی ہے کہ مقامی تاجر اور مارکیٹ ہی ختم کر دی گئی۔ شروع میں کمپنیوں نے مہنگے دام پر سیب خریدا اور آج یہ 8 سے 10 روپے کلو میں ہماچل سے سیب خریدتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ہی صورتحال مرکزی زرعی قوانین میں ہے۔ دہلی کے بارڈر پر ان زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبہ کے لئے کسان گزشتہ 4 ماہ سے احتجاج کررہے ہیں۔ کسان راجستھان، ہریانہ، مدھیہ پردیش، اترپردیش اور پنجاب میں مہا پنچایت کر رہے ہیں۔ اب ہماچل کے پاونٹا صاحب میں 7 اپریل کو ایک مہاپنچایت منعقد ہو گی ۔ متحدہ کسان مورچہ کے ممبر گروندر سنگھ اور انیندر سنگھ نے کہا کہ تمام کسان تنظیمیں مل کر کسانوں کی مہاپنچایت منعقد کر رہی ہیں۔ ہماچل کسان سبھا ، فائٹ فار فارمر رائٹس، ہاٹی وکاس سنگھ ، بہرل کسان مورچہ ، بھارتیہ کسان یونین لوک شکتی، بھارتیہ کسان یونین (ٹکیت) اور کنڈیاں کسان مورچہ کی پاونٹا صاحب کی اکائیوں کا مشترکہ کسان مورچہ پاونٹا صاحب تشکیل دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS