Image:deccanherald

ہرخاتون خانہ کو ماہانہ2ہزارروپے اور لوگوں کو مفت بجلی کا وعدہ
گواہاٹی، (پی ٹی آئی): کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آسام اسمبلی الیکشن کے لیے ہفتہ کو اپنی پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے’5 گارنٹی‘دی۔ اس میں ہر ایک خاتون خانہ کو ہر ماہ 2,000 روپے دینے اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو بے اثر کرنے کے لیے قانون لانا شامل ہے۔
پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ ان کی پارٹی آسام کے آئیڈیا کی حفاظت کرے گی جس پر بی جے پی اور آر ایس ایس حملے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’حالانکہ اس دستاویز میں کانگریس کا نشان (انتخابی نشان) ہے لیکن دراصل یہ لوگوں کا منشور ہے۔ اس میں آسام کے لوگوں کے عزائم شامل ہیں۔‘کانگریس نے اپنے منشور میں 5 لاکھ سرکاری نوکریاں دینے اور سبھی کو ہر ماہ 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ چائے باغان مزدوروں کی کم از کم مزدوری بڑھا کر 365 روپے کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ راہل نے کہا کہ کانگریس آسام کے اس نظریہ کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتی ہے جس میں ثقافت، زبان، روایت، تاریخ اور سوچنے کا طریقہ شامل ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے اخباری نمائندو ں سے کہا کہ ’یہ ہمارا وعدہ ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہندوستان اور آسام کی تکثیری ثقافت پر حملے کر رہی ہیں۔ ہم اس کی حفاظت کریں گے۔‘
راہل گاندھی آسام میں ثقافت، زبان، تاریخ، وراثت اور بھائی چارے پر مبینہ حملے کرنے کو لے کر برسراقتدار بی جے پی پر ہفتہ کو جم کر برسے اور لوگوں کو بھروسہ دلایا کہ اسمبلی الیکشن کے بعد ریاست میں ان کی پارٹی کے اقتدار میں آنے پر اصل باشندوں کے رہن سہن کی حفاظت کی جائے گی۔ راہل آسام میں انتخابی تشہیر کے لے جمعہ کو پہنچے تھے۔ انہوں نے پوری ریاست باہری لوگوں کو سونپے جانے کے لیے برسراقتدار بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور وزیراعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ ملک کے عام آدمی کے لیے یا ان کی بہبود کے لیے نہیں بلکہ صرف 2-3 سب سے امیر صنعتکاروں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مریانی اور گوہپور میں انتخابی ریلیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی آسام کی ثقافت، زبان، تاریخ اور بھائی چارے پر حملہ کر رہی ہے … لیکن ہم آپ کی اور آپ کی ثقافت اور وقار کی حفاظت کریں گے، نفرت ختم کریں گے اور امن لائیں گے۔ یہ آپ کی ریاست ہے اور اسے ناگپور (آر ایس ایس ہیڈکواٹرس) سے نہیں آپریٹ کیا جا سکتا۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS