Image:Yahoo News India

کولکاتا :مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نندی گرا میں لگی چوٹ کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے اتوار کوبڑی کارروائی کی۔ ممتا کی سیکورٹی کیلئے ذمہ دار ان کے سیکورٹی انچارج وویک سہائے کو عہدے سے برطرف کردیاگیا۔ الیکشن کمیشن نے انہیں معطل بھی کردیا ہے۔ مشرقی میدنی پور(اسی ضلع میں نندی گرام میں آتا ہے) کے ایس پی پروین پرکاش اور ڈی ایم وبھو گوئل بھی ہٹائے گئے ہیں۔ پروین پرکاش معطل کئے گئے ہیں۔ کمیشن نے پولیس کو معاملے کی جانچ کا حکم دیاہے۔ پولیس سے اس کی رپورٹ 31مارچ تک مانگی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ زیڈپلس سیکورٹی حاصل شخص کو سیکورٹی دینے کیلئے تعینات کئے گئے وویک سہائے اپنی ابتدائی ڈیوٹی کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ ان کے خلاف ایک ہفتے میں فردجرم داخل کیا جانا چاہیے۔ ایس پی پر بھی سیکورٹی انتظامات میں بڑی ناکامی کے الزامات طے کئے جائیں گے۔ کمیشن نے آئی اے ایس افسر اسمتا پانڈے کو مشرقی میدنی پور کا نیا ڈی ایم اور ڈی ای او بنایاہے۔ ساتھ ہی وبھو گوئل کو نان الیکشن پوسٹنگ پر بھیج دیا ہے۔ رپورٹ میں ممتا کی سیکورٹی میں خامی کی بات سامنے آئی تھی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی پر حملے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی چوٹیں سیکورٹی میں خامی کا نتیجہ تھیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں اسپیشل آبزرور اور ریاستی سرکار کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے نتیجہ نکالا ہے کہ ممتا بنرجی کے سیکورٹی انچارج کی غلطی کے سبب انہیں چوٹ لگی ہے۔
10مارچ کو نندی گرام میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد تشہیر کرتے وقت ممتابنرجی گر گئی تھیں، ان کے بائیں پیر اور سینے میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد انہوں نے الزام لگایاتھاکہ نامعلوم افراد نے انہیں دھکا دیاتھا۔ یہ اتفاق ہی ہے کہ ممتا کے زخمی ہونے کے بعد پہلی بار بنگال میں روڈ شو کرنے جارہی تھیں، اس سے ٹھیک پہلے ہی الیکشن کمیشن کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔اسپیشل پولنگ آبزرور اجے نائک اور وجے دوبے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ذرائع نے بتایاکہ ممتا اسٹار پرچارک ہونے کے باوجود بلٹ پروف یا بکتربند گاڑی کا استعمال نہیں کررہی تھیں۔ یہ واقعہ ممتا کی سیکورٹی کیلئے ذمہ دار لوگوں کی طرف سے غلطی تھی۔ ممتا ایک عام گاڑی میں سوار تھیں۔ یہ واقعہ جس وقت ہوا، اس وقت ان کے سیکورٹی ڈائریکٹر وویک سہائے بلٹ پروف کار میں تھے، جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا، اس علاقے کے ریٹرنگ آفیسر سے انتخابی پروگرام کی منظوری نہیں لی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS