مصر کی معروف ادیبہ و مصنفہ امیر خسرو ایوارڈ سے سرفراز

0

محمدغفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) : مصر کی عین شمس یو نیورسٹی ،کیرو کی ایسو سی ایٹ پروفیسرمعروف شاعرہ و ثنا خواںاوراردوکی مصنفہ ڈاکٹر ولاء جمال العسیلی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر پدم شری پروفیسر اخترا لواسع نے ولاء جمال العسیلی کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ بڑا فخر ہو تا ہے کہ اردو زبان کے چاہنے والے پوری دنیا میںموجود ہیں۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ مصروالوں کااردو زبان سے دلچسپی کا میں عینی شاہد ہوں ،کیو نکہ 1991اور 1995میں مصرگیا تھا اور مجھے یہ کہتے ہوئے فخر حاصل ہے کہ اردو کو وہاں لوگ زندہ کئے ہوئے ہیں ، بنیادی طور پریہ بات بڑی اہمیت کی حامل ہے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اردو والے دنیا کے ہر خطے میںموجودہیں۔
رجسٹرار نیو ز پیپر آف انڈیا کے سابق ہیڈ شہزاد محمد خان نے کہاکہ اردو زبان میں جتنی ترقی مشرقی وسطی میں ہو نی چاہئے تھی، اتنی نہیں ہوئی، اسی طرح ہندوستان میں اردو کی پرورش ہوئی لیکن یہاں بھی وہ اتنا پروان نہیں چڑھ سکی جتنا ہونا چاہئے تھا۔ شہزاد محمد خان نے مزید کہاکہ مصراور ہندوستان کا بہت قریبی تعلق رہا ہے اوردونوں کی تہذیب قدیم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اردوزبان کی ترقی کیلئے ڈاکٹر ولا ء جمال ایک سفیر کے طور پر کام کررہی ہیں ، ہم دعا کرتے ہیں کہ اردو کے فروغ کیلئے مزید کام کرتی رہیں ۔
اس موقع پرڈاکٹر ولاء جمال العسیلی نے اپنی گفتگو میں کہاکہ میرا عشق اردو زبان سے ہے ،میرے لئے یہ صرف ایک زبان نہیں ہے ، بلکہ میرا اس زبان کے ساتھ رشتہ ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اردو زبان کے بغیر ایک دن بھی نہیں گزرتاہے،لہٰذااردومیری زندگی ہے۔ ڈاکٹر ولا ء جمال نے کچھ غزلیںو نظمیں بھی پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔
اجمیر درگاہ شریف کے سجادہ نشین پروفیسر سیدعنایت حسین معینی چشتی نے کہاکہ صوفی اردو کو ہندوستان میں جس جگہ لے گئے ، وہاں پر علاقائی زبان کے ساتھ منسلک کر دیا اورجس شخص نے بھی اردو زبان سماعت کی ، ان سب کواردونے اپنا عاشق بنا لیا۔ پروفیسر عنایت معینی نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو اردو اور عربی ضرورپڑھائیں،کیو نکہ اس میں مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت پوشیدہ ہے۔
قبل ازیںتقریب کاآغاز مولانا حفظ الرحمن کی تلاوت قرآنی سے ہوا،جبکہ صوفی پیس فائونڈیشن کے چیئر مین پروفیسر حفیظ الرحمن نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس دوران آئی آئی سی سی کی طرف سے مہمانوں کے ہاتھوں ڈاکٹرولاء جمال العسیلی کو تہنیت نامہ پیش کیا گیا اورصوفی پیس فائونڈیشن نے موصوفہ کو امیر خسرو ایوارڈ سے نوازا۔اس موقع پر سرووکون کمپنی کے چیف حاجی محمد قمر الدین ودیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ولا ء جمال العسیلی کو مبارکباد پیش کی۔
آخرمیںابراراحمد (سابق آئی آر ایس) نے سبھی مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کو کامیاب بنا نے میںآئی آئی سی سی کے بی او ٹی ابو ذر حسین خان ،سینئر صحافی شفیق الحسن، محمد فیصل فریدی (سی اے)، معین شاداب، سید محمد توقیر عالم، ڈاکٹر محمدیامین انصاری ،محمد شجاعت قادری،ماسٹرز اہد حسین ودیگر نے اہم کردار ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS