مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی ہوں گے یوم جمہوریہ تقریب کے مہمان خصوصی

0
Republic World

نئی دہلی، (ایجنسیاں):اس بار مصر کے صدر یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ یوم جمہوریہ 2023 پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی غیر ملکی مہمان ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے السیسی کو بھیجا گیا رسمی دعوت نامہ 16 اکتوبر کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے انہیں سونپا۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک نے اس سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی ہے۔ گزشتہ ماہ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مصر کے دورے کے دوران صدر السیسی سے ملاقات کی تھی۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کو 2022-23 میں جی20- کی ہندوستان کی صدارت کے دوران مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ ’ہندوستان اور مصر کے درمیان تہذیبی اور لوگوں سے لوگوں کے درمیان گہرے تعلقات پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں۔‘ دوست ممالک کے رہنما 1950 سے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ 1950 میں انڈونیشیا کے اس وقت کے صدر سوکارنو کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیاتھا۔ 1952، 1953 اور 1966 میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کسی بھی غیر ملکی رہنما نے بطور مہمان خصوصی شرکت نہیں کی۔ 2021 میں اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے برطانیہ میں کووڈ 19- کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اپنا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس سال ہندوستان نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں 5 وسط ایشیائی جمہوریہ کے رہنماو¿ں کو مدعو کیا تھا۔ وہیں 2018 میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے تمام 10 ممالک کے قائدین یوم جمہوریہ کی پریڈ میں موجود تھے۔ 2020 میں برازیل کے اس وقت کے صدر جائر بولسونارو مہمان خصوصی تھے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما (2015)، روسی صدر ولادیمیر پوتن (2007)، فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی (2008) اور فرانکوا ہولاندے (2016) بھی ماضی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی رہ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS