سابق ایم ایل سی کی ایک ہزار کروڑ سے زائد کی جائیداد اٹیچ

0

لکھنؤ: سہارنپور سے بی ایس پی کے سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کارروائی کی ہے۔ معاملہ سابقہ بی ایس پی حکومت میں شوگر ملوں کے فروخت گھپلے سے جڑا ہوا ہے۔ ای ڈی نے حاجی اقبال کی 1,097 کروڑ 18 لاکھ 10 ہزار 250 روپے مالیت کی سات جائیدادیں اٹیچ کی ہیں۔ حاجی اقبال نے گریئشو پرائیویٹ لمیٹڈ اور نمرتا مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام کی کمپنیوں کے ذریعہ ایک ہی دن میں 7 شوگر ملیں خریدی تھیں۔ اطلاع کے مطابق 2010 سے 2011 کے دوران ان شوگر ملوں کو فروخت کیا گیا تھا۔
سی بی آئی نے 2019 میں حاجی اقبال کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جانچ شروع کی تھی۔ جانچ میں تمام غیرقانونی جائیدادوں کا پتہ چلا تھا جس پر ای ڈی کو بھی جانچ میں شامل کیا گیا۔ ای ڈی کی ٹیم نے بھی آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملہ میں جانچ شروع کرکے ثبوت اکٹھا کیے۔ اکتوبر 2020 میں سی بی آئی اور ای ڈی کی ٹیم نے سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی جہاں سے کروڑوں روپے کی جائیداد کے کاغذات اور زیورات ملے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS